بھارت میں گرد کے طوفان نے تباہی مچادی، 108 افراد ہلاک، 200 سے زائد زخمی ہوگئے

جمعرات 3 مئی 2018 23:53

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 3 مئی 2018ء)بھارت کی مغربی و شمالی ریاستوں میں گرد کے طوفان کے نتیجے میں 108 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اترپردیش اور راجستھان میں گرد کے طوفان کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے ۔ اترپردیش کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرد کی وجہ سے پیش آنیوالے حادثات میں 73 افراد ہلاک اور 38 افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

آگرہ میں بھی 73 میں سے 43 افراد کی ہلاکت کی رپورٹ ملی ہے ۔ریاست راجستھان میں بھی گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے کاروبارِ زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا اور مختلف حادثات میں اب تک 35 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔آندھی اور جھکڑ کی وجہ سے پیش آنیوالے مختلف حادثات میں راجستھان میں 100 کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔بھارت کی مختلف ریاستوں میں گرد آلود ہواؤں اور جھکڑ کے بعد بارش بھی ہوئی جس کے نتیجے میں بجلی کے کھمبے، درخت، کچے گھر اور چھتیں گرنے کے متعدد واقعات رونما ہوئے۔