ینگ ڈاکٹرز ایک مرتبہ پھر مطالبات کی منظوری کیلئے سڑکوں پر نکل آئے

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف سرکاری ہسپتالوں کے ینگ ڈاکٹرز کاکام چھوڑ کر کے احتجاج ،ریلیاں نکالیں ڈاکٹروں کے ڈیوٹی پر موجود نہ ہونے کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ،مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام بھی معطل رہا

جمعرات 3 مئی 2018 20:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 3 مئی 2018ء)ینگ ڈاکٹرز ایک مرتبہ پھر اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے سڑکوں پر نکل آئے ، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف سرکاری ہسپتالوں کے ینگ ڈاکٹرز نے کام چھوڑ کر کے ریلیاںنکالیں اوراپنے مطالبات پیش کئے ، ڈاکٹروں کے ڈیوٹی پر موجود نہ ہونے کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام بھی معطل رہا ۔

تفصیلات کے مطابق سروسز ہسپتال، گنگا رام، چلڈرن ہسپتال، شیخ زیدہسپتال،جنرل ہسپتال، جناح ہسپتال سمیت دیگر صوبہ بھر کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں کام چھوڑ کر کے ریلیاں نکالیں اور اپنے مطالبات کے حق میں نعر ے لگائے ۔ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھاکہ حکومت نے وعدے کے باوجود سروس سٹرکچر ،پوسٹ گریجو ایٹس کو مستقل کرنے ،ہسپتالوں میں علاج معالجے کی ناکافی سہولیات اور سکیورٹی کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا ۔

(جاری ہے)

جب تک حکومت ہمارے مطالبات پورے نہیں کرتی احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ لاہور میں سروسز ہسپتال کے ینگ ڈاکٹرز نے ہاسٹل سے جیل روڈ تک ریلی نکالی اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے جس سے جیل روڈ اور ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام جام ہو کر رہ گیا اور گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں۔ جنرل ہسپتال ، چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹروںنے فیروز روڈ پر احتجاج کیا جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا ۔ گنگا رام ہسپتال کے ڈاکٹروںنے اپنے مطالبات کے حق میں کوئنز روڈ پر ریلی نکالی جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے کام چھوڑ کر احتجاج کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔