جدہ: حرمین شریفین میں اعتکاف پر بیٹھنے والوں کے لیے لاکرز کی سہولت فراہم کر دی گئی

ابتدائی مرحلے میں 500لاکرز مہیا کیے گئے ہیں

پیر 4 جون 2018 17:05

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 4 جون 2018ء)پُوری اُمتِ مُسلمہ اس وقت رمضان المبارک کی برکات و فیوض سمیٹنے میں جُٹی ہوئی ہے۔ یہ مہینہ رحمتوں کے نزول کا مہینہ ہے جس میں ہر مسلمان نیکیاں کمانے اور گناہوں سے اجتناب کرنے کا خواہش مند ہوتا ہے۔ اس موقع پر اسلامی ممالک میں نہ صرف افراد بلکہ حکومتیں بھی روزہ داروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت پہنچانے کے لیے کوشاں رہتی ہیں۔

سعودی عرب دینِ اسلام کا بانی خطہ ہے۔ یہاں پر موجود مقامات اُمتِ مسلمہ کے لیے اُن کی جانوں سے بھی زیادہ اہم اور مقدس ہیں۔ اس مقدس خطّے کی حُرمت اور اہمیت کی وجہ سے ہی لاکھوں زائرین رمضان المبارک کے روزے مکّہ مکرمہ اور مدینۃ المنورہ میں رکھنے اور کھولنے کو ایک بڑی سعادت سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سال بھی اس مقدس مہینے میں زائرین کی بڑی تعداد نے حرمین شریفین کا رُخ کیا۔

اعتکاف رمضان المبارک کا ایک اہم اسلامی رُکن ہے جس میں مسلمان خود کو زیادہ سے زیادہ عبادت کے لیے وقف کرنے کی خاطر‘ چند دِن کے لیے مسجد میں گوشہ نشینی اختیار کر لیتے ہیں۔ یہ اعتکاف عام طور پر رمضان کے آخری دس روزوں میں اختیار کیا جاتا ہے۔ زائرین کی سہولت کو مد نظر رکھ کر انتظامیہ کی جانب سے اعتکاف پر بیٹھنے والوں کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کرائی گئی ہے۔

اس حوالے سے مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں اعتکاف پر بیٹھنے والوں کے لیے لاکرز کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔ ابتدائی طور پر اعتکاف اختیار کرنے والوں کے لیے پندرہ سو لاکرز انسٹال کیے گئے ہیں۔ ان لاکرز میں ایک بیگ بھی موجود ہوتا ہے جس میں تکیہ‘ جاء نماز‘ تولیہ اور صفائی کا دُوسرا سامان رکھا گیا ہے اس کے علاوہ چارجر پلگز کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ اعتکاف کے حوالے سے شاہ فیصل مسجد ایکسٹینشن میں چھ دروازے مختص کیے گئے ہیں۔ہر دروازے پر اعتکاف کرنے والوں کی رہنمائی کے لیے ٹوور گائیڈز بھی موجود ہیں۔ جو اعتکاف کے طریقہ کار کے حوالے سے طبع شدہ مواد بھی تقسیم کرتے ہیں۔ اعتکاف کے لیے اس مختص ایریا میں 1500 کے قریب معتکفین کے قیام کا بندوبست کیا گیا ہے۔