لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف اور شاہد قاخان عباسی کیخلاف بغاوت الزام میں کارروائی کیلئے درخواست پر وفاقی حکومت، سیکرٹری کیبنٹ ڈویڑن اور پیمرا کو جواب داخل کرانے کیلئے مہلت دے دی

پیر 4 جون 2018 19:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 4 جون 2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی بنچ نے سابق وزرا اعظم نواز شریف اور شاہد قاخان عباسی کیخلاف خلف کی پاسداری نہ کرنے پر بغاوت الزام میں کارروائی کیلئے درخواست پر وفاقی حکومت، سیکرٹری کیبنٹ ڈویڑن اور پیمرا کو جواب داخل کرانے کیلئے مہلت دے دی ہے۔جس میں نواز شریف کے متنازع انٹرویو کو بنیاد بنایا گیا اور نشاندہی کی گئی نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمی کے حلف کی پاسداری نہیں کی۔

وفاقی حکومت کے وکیل نے استدعا کہ درخواست کا جواب داخل کرانے کیلئے مہلت دی جائے۔ فل بنچ نے استدعا منظور کرلی اور 21 جون تک جواب داخل کیلئے وقت دے دیا۔درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے نشاندہی کی کہ نواز شریف نے متنازعہ انٹرویو دیکر اپنے حلف کی پاسداری نہیں کی۔

(جاری ہے)

نواز شریف کیخلاف بغاوت کے الزام کے تحت کارروائی کی جائی. درخواست میں یہ بتایا گیا کہ نواز شریف کے بیان پر قومی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں اس بیان کو بے بنیاد قرار دیا گیا. شاہد خاقان عباسی نے اپنی زیر صدارت بند کمرے کے اجلاس کارروائی کے بارے مسلم لیگ نون کے تاحیات قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بتایا اس طرح وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم کے حلف پر عمل نہیں کیا۔

درخواست گزار وکیل نے استدعا کی کہ شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف کیخلاف حلف کی پاسداری نہ کرنے پر ضابطہ فوجداری کی شق 124 اے کے تحت بغاوت کے الزام میں کارروائی عمل میں لائی جائے۔