احتساب عدالت نے آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل اور ناجائز اثاثہ جات ریفرنس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو پندرہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا

پیر 4 جون 2018 20:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 4 جون 2018ء) احتساب عدالت نے آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل اور ناجائز اثاثہ جات ریفرنس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو پندرہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا،عدالت نے نیب کی جانب سے ناجائز اثاثہ جات ریفرنس میں احد چیمہ کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔ لاہور کی احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی، نیب کی جانب سے ملزم احد چیمہ اور شریک ملزم شاہد شفیع کو عدالت کے روبرو پیش کیا،نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل میں گرفتار احد چیمہ اور شریک ملزم شاہد شفیع کا نوے روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہو چکا ہے، ملزمان سے مزید تفتیش کی ضرورت نہیں، تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ ناجائز اثاثہ جات ریفرنس میں احد چیمہ کو پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا جائے، تفتیشی افسر نے بتایا کہ احد چیمہ نے امریکہ کی ریاست میری لینڈ میں چار کروڑ روپے بھجوائے اور زمین کی خریداری کی، تفتیشی افسر نے کہا کہ احد چیمہ نے پولٹری، کاروں، تعلیمی اداروں، کولڈ سٹوریج، پیٹرول پمپس کے علاوہ جائیدادوں کی خریداری کے لئے کروڑوں کی سرمایہ کاری کی۔

(جاری ہے)

عدالت نے نیب کی جانب سے ناجائز اثاثہ جات ریفرنس میں احد چیمہ کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا، احد چیمہ کی پیشی کے موقع پراحتساب عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے جبکہ عدالتی احاطے میں سائلین اور وکلاء کا داخلہ بند کر دیا گیا، پولیس کی جانب سے احد چیمہ کو ججز گیٹ سے احتساب عدالت میں لایا گیا۔