شہبازشریف کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) سیکرٹریٹ میں پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ،چکوال، اٹک، جہلم، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے انٹرویوز ، عوامی خدمت کی سیاست کی بنا پر انتخابات میں سر فخر سے بلند کر کے جائیں گی:شہباز شریف

ایسے امیدوار میدان میں اتاریں گے جو سیاست کو عوام کی خدمت اور عبادت سمجھتے ہیں ، عوام خدمت کی سیاست کو کامیاب کرائیں گے کامیاب ہو کر ترقی و خوشحالی کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گی:شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

پیر 4 جون 2018 23:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 4 جون 2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہبازشریف کی زیر صدارت آج پاکستان مسلم لیگ (ن) سیکرٹریٹ میں پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس منعقد ہواجس میں چکوال، اٹک، جہلم، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے انٹرویوز کئے گئے -اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے گزشتہ 5برس کے دوران عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں اورآئندہ عام انتخابات میں اسی عوامی خدمت کے بل بوتے پر حصہ لیں گے -انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے دن رات کام کر کے ثابت کیاہے کہ یہی سیاسی پارٹی عوام کے مسائل حل کرنے کی اہلیت رکھتی ہے اور عوام ایسی قیادت کو منتخب کریں گے جو ان کے مسائل کے حل کی اہلیت رکھتی ہے - محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کا دور حکومت شفافیت، معیار اور خدمت سے عبارت رہاہے اورعوام کی خدمت ہی ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے -انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے ورثے میں ملی بیمار معیشت کو بحال کیا اورملک کو اندھیروں سے نکال کراجالوں میں لانے کا کارنامہ بھی مسلم لیگ( ن) نے سرانجام دیا -انہوںنے کہا کہ تعلیم ،صحت اور سماجی شعبے کو ترقی دے کر عوام کے طرز زندگی کو بہتر بنایا اوروسائل قوم کی امانت سمجھ کر دیانتداری سے عوام کی فلاح پر خرچ کئے اور شفافیت کی پالیسی کے ذریعے غریب قوم کے اربوں روپے بچائے -انہوںنے کہا کہ ہمارا ہر قدم عوام کی بہتری اور فلاح کے لئے آگے بڑھا ہے اور عوامی خدمت کی سیاست کی بنا پر انتخابات میں سر فخر سے بلند کر کے جائیں گے -انہوں نے کہا کہ ایسے امیدوار میدان میں اتاریں گے جو سیاست کو عوام کی خدمت اور عبادت سمجھتے ہیں -انہوں نے کہا کہ انتخابا ت میں عوام خدمت کی سیاست کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں گے اورکامیاب ہو کر ترقی و خوشحالی کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گی-سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، سابق وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق، خرم دستگیر خان،چوہدری تنویر، احسن اقبال ،سینیٹر مشاہد حسین سید اور پارلیمانی بورڈ کے دیگر اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔