تحریک انصاف کی خواتین کی مخصوص نشستوں کا معاملہ، ناراض خواتین نے عمران خان کو خط لکھ دیا

فہرست میں پارٹی کی ورکرز کے نام شامل نہ کرکے انکی حق تلفی کی گئی‘ مخصوص نشستوں کے لیے کارکنوں نے عرصہ درازسے درخواستیں دے رکھی تھیں‘ذرائع

منگل 19 جون 2018 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 19 جون 2018ء) تحریک انصاف کی خواتین کی مخصوص نشستوں کا معاملہ، ناراض خواتین نے عمران خان کو خط لکھ دیا‘ ناراض خواتین نے منزہ حسن اور عالیہ حمزہ کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف میں مخصوص نشستوں کی فہرست میں نام نہ آنے والی ناراض خواتین نے عمران خان سے منزہ حسن اور عالیہ حمزہ کے خلاف تحقیقات کے لیے کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا ہے پارٹی چیئرمین کو خواتین کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ فہرست میں پارٹی کی ورکرز کے نام شامل نہ کرکے انکی حق تلفی کی گئی ہے۔

مخصوص نشستوں کے لیے کارکنوں نے عرصہ دراز سے درخواستیں دے رکھی تھیں لیکن مخصوص نشستوں کی فہرست میں ایسے نام شامل کیے گئے جو پارٹی سے غیر متعلقہ تھے خط میں کہا گیا ہے کہ وہ یہ جاننے کا حق رکھتی ہیں کہ منزہ حسن اور عالیہ حمزہ کو خواتین کی مخصوص نشستوں پر فہرست بنانے کا اختیار کس نے دیا۔

(جاری ہے)

منزہ حسن اور عالیہ حمزہ کا طرز عمل پارٹی کے آئین کی خلاف ورزی پر مبنی ہے خط میں دونوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے دونوں کو تحقیقات ہونے تک سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی رکنیت معطل کرنے کا کہا گیا ہے۔ خط صائمہ شوکت، فاطمہ عثمان اور صبا بٹ کی جانب سے لکھ گیا ہے۔