Phal Qudrat Ka Farhat Bakhsh Tohfa - Article No. 2842

Phal Qudrat Ka Farhat Bakhsh Tohfa

پھل قدرت کا فرحت بخش تحفہ - تحریر نمبر 2842

صحت مند اور تر و تازہ رہنے کے لئے تازہ اور رس بھرے پھلوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں

منگل 7 مئی 2024

آمنہ ماہم
اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔رنگ برنگے، رسیلے پھل اللہ کی خاص نعمتوں میں سے ہیں۔پاکستان میں ہر طرح کے موسمی پھل دستیاب ہیں۔پھلوں میں تمام غذائی اجزاء، وٹامنز اور معدنیات وغیرہ شامل ہوتے ہیں۔پھل کھانے سے آدمی تندرست و توانا رہتا ہے۔صحت مند اور تر و تازہ رہنے کے لئے تازہ اور رس بھرے پھلوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔

کھجور
کھجور میں بے حد غذائیت ہے، تازہ خون پیدا کرتی ہے، ہاضم ہے۔معدہ، جگر اور باہ کو قوت بخشتی ہے، جسم کو فربہ کرتی ہے، لقوہ اور فالج جیسے امراض میں بہت مفید رہتی ہے۔کھجور میں تمام غذائی اجزاء، وٹامنز اور معدنیات شامل ہوتے ہیں۔کھجور کی گٹھلیاں بھی کئی امراض کا علاج ہیں۔

(جاری ہے)

مثلاً اسہال بند کرتی ہیں۔جلی ہوئی گٹھلیوں کا سفوف بہتا ہوا خون بند کر دیتا ہے اور زخم کو صاف کرتا ہے، اس سفوف کو بطور منجن استعمال کرنے سے دانت مضبوط ہوتے ہیں۔


انجیر
خوش ذائقہ پھل ہے۔جلد کی بیماریوں میں مفید ہے، انجیر کھانے سے معدہ اور جگر ٹھیک کام کرتے ہیں، ورم تلی دور ہوتا ہے۔گلے کی خراش کے لیے دو دانے کھائیں، سخت پھوڑے کے لئے دودھ میں انجیر پکا کر پلٹس باندھیں۔اس سے جلدی گندا مواد نکل آئے گا۔بچے کے سر پر بال نہ ہوں انجیر کی چھال اور سمندری جھاگ پیس کر گاڑھا لیپ کریں۔
انجیر کھانے سے بچوں کا قد بڑھتا ہے۔ بوڑھے روزانہ تین، چار دانے دودھ کے ساتھ کھائیں، نظر تیز ہو گی۔تازہ انجیر توڑنے پر سفید دودھ نکلتا ہے۔یہ دودھ برص کے داغوں پر لگانے سے نشانات مٹ جاتے ہیں۔
شہتوت
شہتوت کا خوبصورت اور فرحت بخش پھل کھانے سے طبیعت ایک دم بحال ہو جاتی ہے۔اس کی سینکڑوں اقسام ہیں۔بعض اقسام تو ایسی ہیں کہ شہتوت کا دانہ منہ میں رکھتے ہی شیرینی کی طرح گھل جاتا ہے اور مزید کھانے کو دل کرتا ہے۔
منٹوں میں پلیٹ صفا چٹ ہو جاتی ہے۔شہتوت کا پھل بیماریوں سے پیدا شدہ گندے مادے خارج کرتا ہے۔جگر کا فعل درست کرتا ہے، خون صاف کرتا ہے۔پھوڑے پھنسیوں سے حفاظت، گلے کی تکلیف اور خناق Diphtheria کا علاج ہے۔گھبراہٹ، بے چینی اور چڑچڑے پن کو ختم کرتا ہے۔اسے کھانے سے اعصاب پُرسکون ہو جاتے ہیں۔دل و دماغ میں تر و تازگی آتی ہے۔سفید شہتوت جگر اور پھیپھڑوں کو طاقت دیتا ہے۔
آج کل شربت توت سیاہ کھانسی کا مجرب علاج ہے۔منہ میں چھالے پڑ گئے ہوں تو کالے شہتوت کا شربت استعمال کریں، گلے کے غدود ٹانسلز بڑھ جائیں، آواز بھاری ہو جائے تو شہتوت کا شربت دیں، آپریشن کی نوبت ہی نہیں آئے گی۔تمباکو نوشی میں گلے کو صاف رکھتا ہے، گردے صاف کرتا ہے، پیاس گرمی دور کرتا ہے، شہتوت کھانے سے گلے کے غدود ٹانسلز بڑھ نہیں سکتے، گرمی کے دنوں میں متواتر دو ماہ صبح و شام 200 گرام شہتوت کھائیں تو خناق سے چھٹکارا ہو جاتا ہے۔

لیموں
لیموں ذائقہ بخش پھل ہے جو ہر کھانے کا لازمی جزو ہوتا ہے۔یہ ہاضم ہے۔قے اور متلی میں لیموں کاٹ کر تھوڑا سا نمک اور کالی مرچ چھڑک کر چٹائیں، لیمن جوس، گلاب کا عرق ہم وزن میں ایک چمچ گلیسرین یا شہد ملا کر لگانے سے کیل اور مہاسے ختم ہو جاتے ہیں۔لیموں کی سکنجبین پینے سے گرمی دور ہوتی ہے۔ڈی ہائیڈریشن کنٹرول ہو جاتی ہے۔
بخار کم ہوتا ہے۔الٹیاں ختم ہوتی ہیں۔پیٹ کے افعال درست رہتے ہیں۔دانتوں کی بیماری، پائیوریا یا ماسخورہ میں عرق گلاب میں رس ملا کر پلائیں۔ملیریا میں لیموں کی سکنجبین دیں۔عرق میں بیسن ملا کر چہرے پر لگانے سے داغ دور ہوتے ہیں۔دمہ میں لیمن جوس دن میں تین بار پلائیں۔جگر و تلی کے امراض میں بہت فائدہ مند ہے۔یرقان میں سکنجبین بار بار پلائیں۔سر درد ہو تو قہوہ میں لیموں نچوڑ کر پلائیں، نزلہ زکام میں لیموں کے گرم گودے میں شہد ملا کر کھلائیں۔موٹاپا دور کرنے کے لئے روزانہ نہار منہ لیمن گراس قہوہ میں ایک لیموں نچوڑ لیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj