Til Nabatati Gosht - Article No. 2845

Til Nabatati Gosht

تِل نباتاتی گوشت - تحریر نمبر 2845

تِل ایک روغنی بیج ہے، جو موسمِ سرما میں خشک میوے کے طور پر رغبت سے استعمال کیا جاتا ہے

پیر 20 مئی 2024

حکیم حارث نسیم سوہدروی
تِل ایک روغنی بیج ہے، جو موسمِ سرما میں خشک میوے کے طور پر رغبت سے استعمال کیا جاتا ہے۔تِل کو فارسی میں کنجد اور انگریزی میں Sesamum Indicum کہتے ہیں۔ان کی تین اقسام ہیں۔سفید، سیاہ اور سرخ۔ہمارے یہاں زیادہ تر سفید تِل استعمال ہوتے ہیں۔جدید تحقیقات کے مطابق تِلوں میں حیاتین، میگنیشیم، فاسفورس، تانبا، زنک، فائبر، تھایامین، لحمیات، کاربوہائیڈریٹس اور نشاستہ وغیرہ پائے جاتے ہیں۔

تِلوں کو نباتاتی گوشت بھی کہا جاتا ہے، کیونکہ اس میں لیسی تھین کی خاصی مقدار پائی جاتی ہے۔واضح رہے، لیسی تھین ایک فاسفورس آمیز چکنائی ہے، جو پٹھوں کی صحت کے لئے انتہائی اہم گردانی جاتی ہے۔تِل جسم کو ٹوٹ پھوٹ سے بچاتے اور جسم کے خلیات اور بافتوں کی افزائش میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اعصاب، ذیابیطس، بلند فشارِ خون، سرطان، ہڈیوں کی کمزوری، دل کے امراض اور جلد کے لئے بہت موٴثر ثابت ہوتے ہیں۔

ذہنی دباؤ سے نجات کے لئے یہ ایک عمدہ ٹانک کا درجہ رکھتے ہیں۔جو افراد ذہنی دباؤ کا شکار ہوں وہ سردیوں میں تِلوں کا لازمی استعمال کریں۔موسمِ سرما میں عام طور پر عمر رسیدہ اور بعض نو عمر بچوں کو کثرت سے پیشاب آتا ہے اور رات کو بار بار اُٹھنے سے نیند کا سلسلہ خراب ہو جاتا ہے۔اس طرح بعض کم عمر بچے بستر ہی پر پیشاب کر دیتے ہیں۔ایسے افراد روزانہ صبح شام تِل کا آدھا آدھا چائے کا چمچ استعمال کریں، جلد افاقہ ہو گا۔

تِلوں کا تیل یونانی ادویہ سمیت کھانا پکانے کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ اس کی ایک اہم خوبی یہ بھی ہے کہ یہ طویل عرصے تک خراب نہیں ہوتا ہے۔تِلوں میں تیل خاصی مقدار میں پایا جاتا ہے اور غیر سیر شدہ ہوتا ہے۔یہ تیل جلد کے لئے بہت مفید ہے اور اسے خراب ہونے سے محفوظ رکھتا ہے۔تِلوں کا تیل اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کا حامل ہے۔تِلوں کا استعمال بواسیر، کھانسی اور خون کی کمی میں اکسیر ثابت ہوتا ہے۔
دن میں دو بار نیم گرم پانی سے تِل کھانے سے ماہ واری کے دوران ہونے والے درد سے افاقہ ہوتا ہے۔تِل ہڈیوں کو مضبوط،نظامِ ہضم کو بہتر بناتے ہیں۔فائبر کی وجہ سے قبض کشا ہوتے ہیں۔
ہلکے بھنے ہوئے تِلوں کو ہرا دھنیے، پودینے، سبز مرچ، لہسن اور بھنے ہوئے سفید زیرے اور نمک کے ساتھ پیس کر لیموں کا رس ملا کر چٹنی بنائی جاتی ہے، جو باجرے، مکئی اور چنے کی روٹی کے ساتھ کھائی جاتی ہے۔
یہ چٹنی ذائقے میں لذیذ اور صحت کے لئے موٴثر ہے۔اسی طرح تِلوں کے شیرے کو پانی میں پیس کر پینا معدے کی تیزابیت ختم کرتا ہے۔جدید تحقیقات نے بھی تِلوں کو غذائی اجزاء سے بھرپور اور نظامِ ہضم کے لئے مفید اور موٴثر قرار دیا ہے۔تاہم، تِل کا استعمال اعتدال میں کیا جائے کہ زائد مقدار میں استعمال کرنے کے نتیجے میں کئی طبی مسائل جنم لے سکتے ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj