Tarbooz Ke Hairat Angez Fawaid - Article No. 2847

Tarbooz Ke Hairat Angez Fawaid

تربوز کے حیرت انگیز فوائد - تحریر نمبر 2847

تربوز جتنا زیادہ پکا ہوا ہو گا صحت کے لئے اتنا زیادہ مفید ہو گا

ہفتہ 25 مئی 2024

شمع عنصر
تربوز وہ پھل ہے جس کے سرخ رنگ کو دیکھتے ہی فرحت کا احساس ہوتا ہے۔سرخ رنگ کے پھل کے بارے میں مانا جاتا ہے کہ اسے کھانے سے متعدد امراض سے تحفظ ملتا ہے۔تربوز میں کسی بھی پھل یا سبزی کے مقابلے میں غذائی اجزاء کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔تربوز جتنا زیادہ پکا ہوا ہو گا صحت کے لئے اتنا زیادہ مفید ہو گا۔تو اس مزیدار پھل کے وہ فوائد جانیں جن کو جان کر اس کا ذائقہ مزید بہتر محسوس ہونے لگے گا۔

موسم گرما میں سورج کی تپش سے جلد جلنے کا خطرہ بڑھتا ہے مگر تربوز میں موجود لائیکوپین نامی اینٹی آکسائیڈنٹ اس سے بچانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔تربوز میں موجود غذائی اجزاء جوڑوں کو ورم سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ تربوز کھانے سے جوڑوں کے امراض کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

تربوز کے ایک ٹکڑے کو کھانے سے جسم کو روزانہ درکار وٹامن اے کی 9 سے 11 فیصد مقدار مل جاتی ہے۔

وٹامن اے آنکھوں کی صحت کے لئے بہت اہم ہوتا ہے اور اس کی کمی سے عمر بڑھنے سے بینائی میں تنزلی کا خطرہ بڑھتا ہے۔
تربوز کا 90 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے تو اس پھل کو کھانے سے ڈی ہائیڈریشن سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔ہمارے جسم کے تمام خلیات کو اپنے افعال کے لئے پانی کی ضرورت ہوتی ہے اور پانی کی معمولی کمی سے بھی تھکاوٹ اور سستی جیسے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔
جلد کو ہموار رکھنے کے لئے وٹامن اے، بی 6 اور سی اہم ہوتے ہیں اور تربوز میں یہ سب موجود ہوتے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ تربوز میں پانی کی مقدار بھی بہت زیادہ ہوتی ہے جس سے جلد کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔
میٹھا کھا کر بھی بلڈ شوگر کی سطح کو مستحکم رکھنا چاہتے ہیں تو تربوز بہترین پھل ہے۔خیال رہے کہ چینی کا زیادہ استعمال صحت کے لئے نقصان دہ ہوتا ہے، اس کے مقابلے میں قدرتی مٹھاس صحت کو زیادہ نقصان نہیں پہنچاتی۔
اس پھل میں مٹھاس تو کافی زیادہ ہوتی ہے مگر کاربوہائیڈریٹس کی مقدار بہت کم ہوتی ہے جس کے باعث اسے کھانے سے بلڈ شوگر کی سطح میں تیزی سے اضافہ نہیں ہوتا۔تربوز میں چکنائی اور سوڈیم موجود نہیں ہوتے اور اس سے بھی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔اس پھل میں پوٹاشیم کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جس سے مسلز اکڑنے کا خطرہ کم ہوتا ہے جبکہ سوجن میں بھی کمی آتی ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj