لاہور چیمبر میں ایس این جی پی ایل کے سہولیاتی ڈیسک کا افتتاح

جمعرات 5 جون 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے سہولیاتی ڈیسک کا افتتاح کردیا گیا جو کاروباری برادری کے گیس سے متعلق مسائل فوری حل کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرے گا۔ لاہور چیمبر کے قائمقام صدر انجینئر خالد عثمان اور ایس این جی پی ایل لاہور ویسٹ کے جنرل منیجر بلال اصغر نے ایس این جی پی ایل سہولیاتی ڈیسک کا مشترکہ طور پر افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں لاہور چیمبر کے نائب صدر شاہد نذیر چوہدری ،چوہدری محسن بشیر ،چیف انجینئر لاہور ویسٹ محمد خرم ،ڈپٹی چیف آفیسر سید رحمان ،ایگزیکٹو کمیٹی ممبران شعبان اختر، سید حسن رضا، عبدالمجید اور سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر چوہدری محمد ارشد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

انجینئر خالد عثمان نے کہا کہ لاہور چیمبر میں ایس این جی پی ایل کا سہولیاتی ڈیسک قائم ہونا بہت اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ڈیسک لاہور چیمبر کے ممبران اور ایس این جی پی ایل کے درمیان ایک مو ثر اور براہِ راست رابطے کا ذریعہ بنے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ سہولیاتی مرکز نہ صرف فوری رہنمائی فراہم کرے گا بلکہ عوامی سہولیات فراہم کرنے والے اداروں اور نجی کاروباروں کے درمیان تعلقات کو بھی مضبوط بنائے گا۔ یہ ایک ایسا اقدام ہے جو کاروباری آسانی کو فروغ دینے کے چیمبر کے عزم کا مظہر ہے۔

ایس این جی پی ایل لاہور ویسٹ کے جنرل منیجر بلال اصغرنے لاہور چیمبر کے ساتھ اشتراک کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ایس این جی پی ایل کاروباری برادری کے مسائل کو مو ثر انداز میں حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ چیف انجینئر محمد خرم اور ڈپٹی چیف آفیسر سید رحمان نے کہا کہ ایس این جی پی ایل کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولیات مہیا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر شاہد نذیر چوہدری ایس این جی پی ایل کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سہولیاتی ڈیسک دیگر اداروں کے لیے بھی ایک مثالی ماڈل بنے گا۔ چوہدری محسن بشیر نے کہا کہ یہ سہولیاتی ڈیسک لاہور چیمبر کے اراکین کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا۔

Browse Latest Health News in Urdu