صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کونسل کے اجلاس کا انعقاد

جمعرات 5 جون 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کونسل کا 7 واں اجلاس پیسک ہاوس میں منعقد ہوا جس میں یک نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا ۔وزیر اعلی کی معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیزڈیپارٹمنٹ سلمی بٹ،سیکریٹری ڈاکٹر احسان بھٹہ،سیکرٹری انڈسٹریز محمد عمر مسعود اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

پرائس کنٹرول کونسل نے زندہ مرغی اور گوشت کی قیمتوں کے تعین کے میکانزم میں نظر ثانی کی منظوری دے دی اب زندہ مرغی اور مرغی کے گوشت دونوں کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر نوٹیفکیشن ہوگا۔پرائس کنٹرول کونسل نے مرغی کے گوشت کی قیمتوں پر چیک اینڈ بیلنس رکھنے کیلئے یہ فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مرغی کے گوشت کی سستے داموں فراہمی کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے ،تمام اضلاع اور ڈویژنوں میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں اورمرغی کی مارکیٹوں میں سپلائی پر کڑی نظر رکھی جائے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پولٹری فارمز کو مرغیوں کی بیماریوں سے بروقت آگاہی دینا ضروری ہے اس حوالے سے متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داری نبھائیں۔اجلاس میں مرغیوں کی مارکیٹ میں دستیابی اور قیمتوں کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا کہ مورٹیلٹی فیکٹر کے باعث مرغیوں کی مارکیٹ میں سپلائی میں کمی آئی جس سے گوشت کی قیمتیں بڑھیں ۔

Browse Latest Health News in Urdu