کرک میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے قیام پراتفاق

جمعرات 12 جون 2025 21:43

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) کرک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئےچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے قیام پراتفاق کیا گیا۔ صوبائی وزیر زراعت میجر (ر) سجاد بارکوال کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انڈسٹریزعبدالکریم تور ڈھیر، ڈائریکٹرجنرل سمیڈا اوررکن قومی اسمبلی داور کندی نے شرکت کی۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر زراعت میجرریٹائرڈ سجاد بارکوال اوروزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے کہاکہ کرک میں فعال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قیام کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے جس کے ذریعے ضلع میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ایک فعال پلیٹ فارم میسر آئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اجتماعی کوششیں کی جائیں گی کیونکہ کرک کا علاقہ شہد کیلئے ملک کے سب سے بڑے پیداواری مرکز کے علاوہ مونگ پھلی، چنا، کونزلہ، کوئلہ، نمک، جپسم، لوہا، سلیکا کی پیداوارو دیگر تجارتی اورکاروباری سرگرمیوں کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

اجلاس کے دوران حکومتی رہنماؤں نے کہاکہ کرک میں شہد کے شعبے کی ترقی کیلئے ہنی پروسیسنگ اورمارکیٹنگ کی ترویج کیلیے بھی کوششیں کی جائیں گی تاکہ اس صنعت کے ذریعے زیادہ منافع کمانے کیلئے اس کو نئی سمت پر ڈالا جائے۔ اس موقع پر کہا گیا کہ علاقے میں چیمبر کی رجسٹریشن کے مراحل کیلئے معاون خصوصی کو فوکل پرسن بنایا جائے گا جس میں سمیڈا بھی معاونت فراہم کرے گا اورچیمبر کی رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل کرانے کی کوشش کی جائے گی ۔ اسی طرح انڈسٹریل اسٹیٹ میں چیمبرکیلئے پلاٹ مختص کرنے کا فیصلہ بھی ہوا۔

Browse Latest Health News in Urdu