لاہور چیمبر آف کامرس کی ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت ،خطے و عالمی امن کیلئے خطرہ قرار دیدیا

ہفتہ 14 جون 2025 16:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایران پر اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور خطے و عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے اسرائیلی جارحیت میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لے اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر بلا اشتعال حملہ نہ صرف اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ ایک سنگین اشتعال انگیزی ہے جو مشرق وسطی میں امن کے توازن کو برباد کرے گی، پاکستان کی کاروباری برادری ایرانی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے عہدیداران نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جارحیت کے ایسے اقدامات کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیںوہ بار بار مجرمانہ اقدامات اٹھارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملہ ایسے تصادم کو جنم دے سکتا ہے جو ایک بڑے عالمی بحران میں تبدیل ہو جائے اور لاکھوں جانوں کے لیے خطرہ بنے۔ میاں ابوزر شاد، انجینئر خالد عثمان اور شاہد نذیر چوہدری نے کہا کہ ایران ایک خودمختار ریاست ہے اور اسے اپنی سرزمین کے تحفظ اور قومی سلامتی کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر سفارتی اور قانونی اقدامات کے ذریعے اسرائیل کو کنٹرول کریں۔ انہوں نے عالمی طاقتوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیوں پر خاموش تماشائی نہ بنیں اور فوری اقدامات کریں تاکہ خطے کو مزید جنگ و تباہی سے بچایا جا سکے۔

Browse Latest Health News in Urdu