بینکوں سے ڈالر کی عدم فراہمی، خوردنی تیل انڈسٹری بحران کے دہانے پرہے، شیخ عمرریحان

جمعہ 27 جون 2025 19:47

بینکوں سے ڈالر کی عدم فراہمی، خوردنی تیل انڈسٹری بحران کے دہانے پرہے، شیخ عمرریحان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء) پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم ای) کے چیئرمین شیخ عمر ریحان نے کمرشل بینکوں میں ڈالر کی شدید قلت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خوردنی تیل کی صنعت ایک سنگین بحران کی طرف بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں میں ڈالر کی عدم دستیابی اور غیر ضروری تاخیر کے باعث خوردنی تیل کی درآمدات کے لیے دستاویزات بروقت کلیئر نہیں ہو پا رہے، جس سے خام مال کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہو گئی ہے۔

شیخ عمر ریحان نے کہا کہ اس صورتحال کے باعث بین الاقوامی سپلائرز نے پاکستان کو خوردنی تیل کی فراہمی کم کر دی ہے، جس کے نتیجے میں مقامی وناسپتی و کوکنگ آئل مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت کئی درآمدی آئل کی شپمنٹس بندرگاہوں پر رکی ہوئی ہیں کیونکہ بینک دستاویزات جاری نہیں کر رہے۔ چیئرمین پی وی ایم اے نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیں اور کمرشل بینکوں کو ہدایات جاری کریں کہ وہ وناسپتی مینوفیکچررز کے درآمدی دستاویزات فوری کلیئر کریں اور ڈالر کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

شیخ عمر ریحان نے واضح کیا کہ پاکستان میں خوردنی تیل کی سالانہ کھپت تقریباً 4 ملین ٹن ہے، جس میں سے 85 فیصد سے زائد خام مال درآمد کیا جاتا ہے۔ ڈالر کی قلت کے باعث اگر اس خام مال کی بروقت فراہمی متاثر ہوتی ہے، تو اس کے اثرات نہ صرف پیداواری عمل پر پڑیں گے بلکہ مقامی سپلائی چین بھی بری طرح متاثر ہوسکتی ہے، جس کا براہ راست اثر عام صارف پر پڑے گا۔ شیخ عمر ریحان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ضروری درآمدات کو ترجیحی بنیادوں پر ڈالر کی فراہمی دی جائے تاکہ فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Browse Latest Health News in Urdu