موسم کی تبدیلی‘ عمرہ زائرین کیلئے نئی ایڈوائزری جاری

تبدیل ہوتے ہوئے موسم کے تقاضوں کے پیش نذر انفلوئنزا سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوائیں؛ ادارہ امور حرمین

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 نومبر 2024 16:00

موسم کی تبدیلی‘ عمرہ زائرین کیلئے نئی ایڈوائزری جاری
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 نومبر 2024ء ) سعودی عرب میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی عمرہ زائرین کیلئے نئی ایڈوائزری جاری کردی گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق امورحرمین کے ادارے نے عمرہ زائرین کو ہدایت کی ہے کہ تبدیل ہوتے ہوئے موسم کے تقاضوں کے پیش نذر انفلوئنزا سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوائیں تاکہ موسمی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ رہا جائے اور یکسوئی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزار سکیں، اس کے علاوہ زیادہ رش والے مقامات پر زائرین کو چاہیئے وہ ماسک کا لازمی طورپر استعمال کریں تاکہ موسمی بیماریوں سے تحفظ یقینی ہوسکے۔

بتایا گیا ہے کہ سعودی وزارت صحت نے مملکت کے ہر ریجن میں موسمی فلو سے محفوظ رہنے کے لیے مفت ویکسین لگانے کے انتظامات میں کیے ہیں، وزارت کی جانب سے معمر افراد اور وبائی امراض میں مبتلا لوگوں کو ویکسین لگانے کی خاص تاکید کی گئی ہے، ہسپتالوں یا طبی مراکز میں کام کرنے والے افراد کو بھی ویکسین ضرور لگوانے کا کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ سعودی وزارت صحت نے شہریوں اور مملکت میں موجود غیرملکیوں کی سہولت کے لیے گھروں پر انفلوئنزا ویکسین لگانے کی مہم کا بھی آغاز کیا ہے، گھروں پر ویکسین لگوانے کے لیے وزارت نے ’سنار‘ ایپ لانچ کی ہے جس کے ذریعے اپائنٹمنٹ بک کرکے یہ سہولت حاصل کی جاسکتی ہے، سعودی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ گھروں پر ویکسین لگانے کی خدمت شروع کرنے کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کی کم سے کم وقت میں ویکسی نیشن کو یقینی بنانا ہے۔

                                                         

متعلقہ عنوان :

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں