دُبئی:گلیوں سڑکوں پر جانور ذبح کرنے والوں کو بھاری جرمانہ ادا کرنا ہو گا

محکمہ صحت نے شہریوں کو قربانی کے لیے پیشہ ور قصابوں کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 15 اگست 2018 12:47

دُبئی:گلیوں سڑکوں پر جانور ذبح کرنے والوں کو بھاری جرمانہ ادا کرنا ہو گا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 اگست 2018ء) پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عید پر جانوروں کی قربانی کے لیے پیشہ ور قصابوں کی خدمات حاصل کریں‘ ورنہ اُنہیں دس ہزار اماراتی درہم کا خطیر جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔ اس کے علاوہ جانوروں کو گلیوں میں ذبح کرنے پر پابندی عائد ہے۔ قربانی کے خواہش مند افراد صرف لائسنس شدہ مذبح خانوں سے ہی جانور ذبح کروائیں‘ جہاں پر ہر جانور کے ذبح کرنے کے نرخ مقرر کے گئے ہیں۔

بھیڑ یا بکری کو ذبح کرنے پر 15 اماراتی درہم ادا کرنا ہوں گے‘ بچھڑے کے لیے پچیس درہم مخصوص ہیں‘ جبکہ گائے یا اُونٹ کی قربانی پر 40 درہم وصول کیے جا رہے ہیں۔ میونسپلٹی کے مذبح خانے کے سربراہ حسن الکعبی کے مطابق عیدِ قربان پر صحت عامہ اور صفائی سُتھرائی کے ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تین ہزار درہم سے لے کر دس ہزار درہم تک جرمانے کی ادائیگی کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

جو لوگ اپنے جانور مذبح خانوں میں ذبح نہیں کروائیں گے اُنہیں جرمانے کے طور پر پانچ ہزار اماراتی درہم کی رقم ادا کرنا ہو گی۔ غیر لائسنس شدہ قصابوں سے جانور ذبح کروانے پر تین ہزار درہم کا جرمانہ ادا کرنا ہو گا کیونکہ یہ اناڑی قصاب صحت عامہ کے لیے بہت بڑا خطرہ ثابت ہوتے ہیں۔ میونسپلٹی یا ابو ظہبی فوڈ کنٹرول اتھارٹی کی اجازت کے بغیر گوشت کا ذخیرہ کرنا یا اُسے بیچنے پر دس ہزار درہم کا جرمانہ عائد ہو گا۔

جبکہ ویٹرنری ڈاکٹر کی منظوری کے بغیر جانور فروخت کرنے پر بھی دس ہزار درہم کا جرمانہ ادا کرنا ہو گا‘ کیونکہ ویٹرنری ڈاکٹر ہی اس بات کی توثیق کرتا ہے کہ فروخت کیا جانے والا جانور صحت اور قربانی کے اعتبار سے ٹھیک ہے۔ مذبح خانوں میں کھانا‘ سونا اور سگریٹ نوشی اور ذبیحہ سے غیر متعلق سامان لے کر جانے پر تین ہزار درہم ادا کرنا ہوں گے۔

میونسپلٹی کے مطابق ابو ظہبی کے مذبح خانے میں عیدکے پہلے روز تقریباً اڑھائی ہزار جانور ذبح کیے جائیں گے۔ اس مذبح خانے میں ایک سو پچاس ماہر قصاب اور آٹھ ویٹرنری ڈاکٹر موجود ہوں گے۔ جبکہ الوَدبہ مذبح خانے میں عید کے پہلے روز تقریباً ایک ہزار جانور ذبح کیے جائیں گے۔ جہاں چار ویٹرنری ڈاکٹروں‘ چالیس قصابوں کے علاوہ دُوسرا سٹاف بھی موجود ہو گا۔ یاد رہے کہ یہ واحد مذبح خانہ ہے جہاں اُونٹ ذبح کرنے کی سہولت بھی موجود ہو گی۔ بنی یاس عید کے پہلے روز بنی یاس مذبح خانہ میں تین ہزار جانور جبکہ الشہامہ مذبح خانے میں پندرہ سو جانور ذبح کیے جانے کی توقع ہے۔

متعلقہ عنوان :

میں شائع ہونے والی مزید خبریں