ابو ظہبی: مالک کے زیورات چوری کر نے والی ملازمہ کی حماقت اُسے مہنگی پڑ گئی

خاتون نے چوری شُدہ زیورات کی تصاویر انسٹاگرام پر فروخت کی غرض سے لگائی تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 10 نومبر 2018 11:52

ابو ظہبی: مالک کے زیورات چوری کر نے والی ملازمہ کی حماقت اُسے مہنگی پڑ گئی
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 نومبر2018ء) پولیس نے ایک ایشیائی ملازمہ کی جانب سے اپنے سابقہ مالک کے زیورات چوری کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ خاتون نے ان چوری شُدہ زیورات کو فروخت کرنے کے لیے ان کی تصاویر سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹا گرام پر پوسٹ کی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ خاتون ایک عرب فیملی کے پاس گھریلو ملازمہ تھی۔ جس نے کچھ عرصہ پہلے عرب کُنبے کی ملازمت چھوڑ دی اور واپس وطن روانہ ہو گئی۔

عرب کُنبے نے اُس کی جگہ نئی ملازمہ رکھ لی۔ اسی دوران اُنہیں پتا چلا کہ اُن کے طلائی زیورات چوری ہو گئے ہیں۔ پہلے تو اُن کا شک اپنی نئی ملازمہ پر گیا کیونکہ جب اُنہیں اس چوری کا پتا چلا تو وہی ایک واحد غیر عورت تھی جس کا گھر میں آنا جانا تھا۔ لہٰذا اس چوری کا اُسی کو قصور وار گردانا گیا۔

(جاری ہے)

تاہم کچھ دِنوں بعد، مالک انسٹا گرام پر مصروف تھا اُس نے ویسے ہی اپنی سابقہ ملازمہ کا اکاؤنٹ پیج چیک کیا تو یہ دیکھ کر اُس کے ہاتھوں کے طوطے اُڑ گئے کہ سابقہ ملازمہ نے اپنے اکاؤنٹ پر اُس کی بیوی کے چوری شُدہ زیورات کی تصویریں لگا رکھی تھیں۔

ان تصویروں کے نیچے اُس نے برائے فروخت کا عنوان لگا رکھا تھا ، ساتھ ہی قیمت بھی درج تھی۔ جبکہ ان زیورات کے خریدنے میں دلچسپی رکھنے والوں کی خاطر اُس نے اپنا رابطہ نمبر بھی دے رکھا تھا۔ جس پر عرب نے فوری طور پر پولیس حکام سے رابطہ کیا اور سابقہ ملازمہ کے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر چوری شُدہ زیورات کی تصاویر بھی ثبوت کے طور پر پیش کر دیں۔

جبکہ نئی ملازمہ کا نام تفتیش سے خارج کرنے کی استدعا کی۔ مالک نے پولیس کو بتایا کہ اُس نے اپنی سابقہ ملازمہ کو ایک بھاری رقم بطور شُکریہ کے دی تھی کہ اُس نے اُن کی طویل عرصہ تک خدمت کی تھی۔ تاہم وہ نمک حرام ثابت ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا گیا ہے، جلد ہی خاتون کو گرفتار کر کے ابو ظہبی لایا جائے گا جہاں اُسے چوری کے مقدمے میں عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا ہو گا۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں