مدینہ منورہ سمیت متعدد سعودی شہروں میں طوفانی بارش کے بعد سیلابی صورتحال

موسلادھار بارش سے سڑکیں پانی سے بھر گئیں، نظام زندگی درہم برہم، بارش کا پانی مسجد نبویﷺ میں بھی داخل ہو گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 1 مئی 2024 23:26

مدینہ منورہ سمیت متعدد سعودی شہروں میں طوفانی بارش کے بعد سیلابی صورتحال
مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مئی2024ء) مدینہ منورہ سمیت متعدد سعودی شہروں میں طوفانی بارش کے بعد سیلابی صورتحال، موسلادھار بارش سے سڑکیں پانی سے بھر گئیں، نظام زندگی درہم برہم، بارش کا پانی مسجد نبویﷺ میں بھی داخل ہو گیا۔ نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کی رپورٹ میں سعودی میڈیا کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اپریل کے وسط میں متحدہ عرب امارات اور عمان میں ہونے والی طوفانی اور ریکارڈ بارشوں کے بعد اب سعودی عرب میں بھی طوفانی بارشوں کا آغاز ہو گیا ہے۔

سعودی عرب کے کئی شہروں میں موسلادھار بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، شاہراہوں اور انڈر پاسز کو ٹریفک کیلئے بند کرنا پڑ گیا، شہریوں کو گھروں میں رہنے کی تلقین کر دی گئی۔ مدینہ منورہ میں بھی طوفانی بارش کے بعد سڑکوں پر سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، جبکہ بارش کا پانی مسجد نبویﷺ میں داخل ہو گیا، تاہم بروقت ایکشن سے مسجد نبویﷺ کے احاطے میں کسی قسم کی غیر معمولی صورتحال پیدا نہ ہونے دی گئی۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا ہے کہ بدھ کو قصیم ریجن، دارالحکومت ریاض اور مدینہ سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے سڑکیں پانی سے بھر گئیں، کئی علاقوں میں ہونے والی شدید بارش کے بعد اسکول بند کردیے ہیں ۔ قصیم ریجن میں گزشتہ ایک روز میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، قصیم ریجن کے مرکزی شہر بریدہ میں کئی گھنٹوں سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

سعودی محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشرقی صوبہ، دارالحکومت ریاض اور مدینہ کا صوبہ میں غیر معمولی بارش کا امکان ہے، خبردار کیا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں طوفانی بارش کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ طوفانی بارش والے موسم میں گھروں سے باہر نکلنے سے ہر ممکن طور پر گریز کریں، جن علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہو، ان علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کیا جائے۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں