Ap Ka Dost Paani - Article No. 1879

Ap Ka Dost Paani

آپ کا دوست پانی - تحریر نمبر 1879

جب بھی پیاس لگتی ہے تو آپ مجھے استعمال کرتے ہیں۔کپڑے اور برتن دھونے کے لئے میں ہی کام آتا ہوں

جمعہ 22 جنوری 2021

کیا حال ہے دوستو!آپ مجھ سے تو یقینا واقف ہیں۔جب بھی پیاس لگتی ہے تو آپ مجھے استعمال کرتے ہیں۔کپڑے اور برتن دھونے کے لئے میں ہی کام آتا ہوں۔سب سے اہم بات تو یہ ہے کہ آپ خود کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے میرا ہی استعمال کرتے ہیں۔میں آپ کا گہرا دوست ہوں اور آپ کی روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ ہوں۔آپ میرے بغیر گزارہ کر ہی نہیں سکتے اور اسی لئے میں آپ کی زندگی میں بے حد اہمیت کا حامل ہوں ۔
چونکہ میں بہت اہم ہوں،اس لئے آپ کو میرا بہت خیال رکھنا چاہیے۔آپ مجھے کبھی ضائع نہ کریں اور نہ مجھے آلودہ ہونے دیں۔
میں دریاؤں میں بہتا ہوں،آسمان سے برستا ہوں اور سمندروں میں سب سے زیادہ پایا جاتا ہوں۔میں کرہ ارض کی سطح کو 71 فیصد گھیرے ہوا ہوں،مگر چونکہ میرا زیادہ تر حصہ نمکین یا کھارا ہے،اس لئے آپ میرے زیادہ تر حصے کو پی نہیں سکتے اور نہ کھانا پکانے میں استعمال کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

کرہ ارض پر موجود تمام تر پانی میں سے صرف دو اعشاریہ ایک فیصد پانی پینے کے قابل ہے۔تو بھئی میں تو قیمتی ٹھہرا نا؟
ویسے حال ہی میں جب مجھے پتا چلا کہ سائنس دانوں نے نمکین پانی کو میٹھا کرنے کا طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے تو میری خوشی کا کوئی ٹھکانا نہ رہا۔ صرف 30 منٹوں میں سمندر کے نمکین پانی کو پینے کے قابل بنایا جا سکتا ہے ۔واہ یہ ہوئی نا بات!
یہ سب چند برس قبل ہی ممکن ہوا تھا،دراصل میرے ذخائر میں کمی آنی شروع ہوئی اور سائنس دانوں نے اندازہ لگایا کہ 2025ء تک دو ارب لوگو ں کو میں یا تو میسر ہی نہیں ہو گا یا پھر میری بہت کم مقدار ان تک پہنچ سکے گی۔
بہت سے سائنس دان سر جوڑ کر بیٹھے اور مجھے میٹھا بنانے کا طریقہ ایجاد کرکے ہی دم لیا۔پانی کی کمی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے سائنس دانوں نے شمسی توانائی کو استعمال کرتے ہوئے بہت ہی کم لاگت میں ڈیسیلینیشن (Desalination) کا طریقہ ایجاد کیا۔ڈیسیلینیشن بہت ہی سادہ عمل ہے۔شمسی توانائی کے ذریعے مجھ میں تیرتا ہوا ایک آلہ ڈالا جاتا ہے،جو مجھ میں گرمی پیدا کرکے نمک کو مجھ سے الگ کر دیتا ہے۔
ایک آسٹریلین سائنس دان نے نمکین پانی کو میٹھا بنانے کے لئے یہ طریقہ معلوم کیا۔یہ ٹیکنالوجی ناصرف رائج طریقوں سے سستی پڑتی ہے اور ان سب سے زیادہ موٴثر بھی ہے۔
تو پیارے دوستو!میں خوش ہوں کہ آپ کے مزید کام آسکتا ہوں۔اب سمندر میں موجود میرا بڑا حصہ فیکٹریوں،صنعتوں اور سبزیاں اُگانے کے کام بھی آسکے گا۔کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا کے کئی ممالک اب میرا استعمال بہت بہتر طریقے سے کر رہے ہیں۔
آسٹریلیا،سنگاپور، مراکش، چین،برطانیہ اور کینیڈا کے لوگ میرا خیال رکھتے ہوئے مجھے خوبی سے استعمال کرنا سیکھ رہے ہیں۔
ایک بات اور جو بے حد اہم ہے وہ یہ کہ میری ڈیسلینیشن کی باقیات ،جن میں کیمیکل برائن (Chemical Brine) شامل ہے،ان کو بھی بہت احتیاط سے استعمال کرنا چاہیے۔ان کو دوبارہ سمندر میں پھینکنا نہیں چاہیے،کیونکہ اس کی وجہ سے ناصرف سمندری پانی مزید کھارا ہو جاتا ہے،بلکہ یہ سمندری حیات کے لئے بہت بڑا خطرہ بھی ہے۔
آپ سب کے لئے میرا پیغام یہ ہے کہ سمندری پانی دنیا بھر میں بہت زیادہ مقدار میں موجود ہے،مگر اسے استعمال کرتے ہوئے آپ کو تھوڑی سمجھداری دکھانی ہو گی۔مجھے استعمال کرنے میں کفایت شعاری اپنائیں،تاکہ میں آپ کا تمام عمر دوست رہ سکوں۔

Browse More Moral Stories