Roza Rakhne Se Pehle - Article No. 1431

Roza Rakhne Se Pehle

روزہ رکھنے سے پہلے - تحریر نمبر 1431

ہر سال کی طرح اس بار بھی رمضان میں بہت سے بچے اپنا پہلا روزہ رکھیں گے اور وہ خاصے پُر جوش بھی ہوں گے ۔

جمعرات 30 مئی 2019

نسرین شاہین
ہر سال کی طرح اس بار بھی رمضان میں بہت سے بچے اپنا پہلا روزہ رکھیں گے اور وہ خاصے پُر جوش بھی ہوں گے ۔روزہ رکھنے سے پہلے نماز سیکھنی چاہیے اور پھر نماز کا پابند بننا ضروری ہے۔نماز دین اسلام کا پہلا رکن ہے ۔جوہر مسلمان پر فرض ہے۔
روزہ اسلام کا ایک ایسا فرض رکن ہے،جس میں اخلاقی تربیت کا درس دیاجاتا ہے ۔

جس کے اثرات رمضان المبارک کے بعد پورے سال نظر آتے ہیں ۔اس سے انسان کو اپنی بُرائیاں چھوڑنے کی ترغیب ملتی ہے۔جیسے جھوٹ بولنا بہت بُری بات ہے اور روزہ رکھ کر جھوٹ بولنا تو بہت ہی سخت گناہ ہے ۔
جھوٹ نہ بولنے سے اللہ خوش ہوتاہے۔
اسی طرح کسی کو بُرا بھلا کہنا بھی بہت بُری بات ہے اور روزے میں گالی گلوچ کرنا تو بہت ہی بُرا ہے ۔

(جاری ہے)


اس بُرائی سے ہر صورت بچنا ضروری ہے ۔

کسی کو بُرا کہنا ہمارے دین کی تعلیم نہیں ہے۔اس عادت سے نجات پانے کی ضرورکوشش کریں۔
غیبت کے بارے میں سخت تاکید کی گئی ہے کہ اس سے بچنا چاہیے۔غیبت کرنے والے کو اپنے بھائی کاگوشت کھانے والا کہا گیا ہے۔
فضول باتیں کرنا بھی بُری عادت ہے۔ہمیشہ اچھی اور مفید باتیں کرنی چاہیے۔فضول باتیں کرنے سے وقت بھی ضائع ہوتا ہے اور حاصل بھی کچھ نہیں ہوتا ہے۔
ہمارے دین میں بھی فضول باتیں کرنے کو سخت ناپسند کیا گیا ہے۔فضول باتیں کرنے سے بہتر ہے کہ خاموش رہا جائے یاکوئی کتاب پڑھ لی جائے۔
روزہ کی حالت میں جب انسان جھوٹ ،گالی گلوچ ،بُرا بھلا کہنا،غیبت اور فضول باتوں سے بچتا ہے اور رمضان بھر اس پر عمل کرتا ہے تو یہ اس کی اخلاقی تربیت ہوتی ہے ۔روزہ رکھنے سے پہلے،روزہ رکھنے کی دعا بھی ضرور یاد کرلیں ۔
سحری کرنے کے بعد ،سحری کا وقت ختم ہوجائے تو دعا پڑھ لیں ۔یہ دعا روزے کی نیت ہے ۔اس کا پڑھنا ضروری ہے۔اس طرح روزہ کھولنے کی دعا بھی یاد کرنی چاہیے۔یہ دعائیں گھر میں کسی بڑے کو سنادیں تاکہ خوب یادہوجائیں۔
روزہ رکھنے سے پہلے روزے کے مقصدکو سمجھنا ،بُری باتوں کو چھوڑنا اور پھر دعائیں یاد کرنا چاہیے۔یہ روزہ رکھنے کی تیاری ہے۔روزے میں قرآن پاک پڑھنا بہت ثواب ہے۔
اگر قرآن پاک ختم کر چکے ہیں تو روزانہ ایک پار ہ ضرور پڑھیں۔جن بچوں نے قرآن پاک ختم نہیں کیا ہے ،تو وہ بھی ناظرہ پڑھیں جتنا پڑھ چکے ہیں۔
اس رمضان المبارک میں جو بچے روزہ رکھیں گے ،انھیں چاہیے کہ وہ آج ہی سے روزے رکھنے کی تیاری کریں۔روزہ کیسے رکھا جاتا ہے ،کب سے کب تک رکھنا ہوتا ہے ۔روزے میں کن باتوں سے رکنا ضرور ہے اور کون کون سے کام ایسے ہیں ،جن کا ثواب ہے ۔
ان سب باتوں کا جاننا بہت اہمیت رکھتا ہے اور جو بات سمجھ میں نہ آئے ،اسے گھر کے بڑوں سے پوچھ لینا چاہیے،تاکہ روزے کا اصل مقصد اور روزے کی اہمیت کو سمجھ سکیں۔
رمضان کے روزے گرمی کے موسم میں آرہے ہیں ۔اس لیے روزہ رکھنے والے بچوں کو چاہیے کہ وہ دوپہر کے وقت دھوپ میں باہر نہ نکلیں ،زیادہ وقت گھر میں رہیں ۔ظہر کی نماز کے بعد ضرور آرام کریں،کھیلنے کودنے کو دل چاہیے تو گھر میں ہی کھیلیں۔یہ احتیاط کرنی ضروری ہے ،تاکہ روزے میں تھکن محسوس نہ ہو۔ان تمام باتوں کو سمجھ لیں تو روزہ رکھنے میں مزہ آئے گا۔

Browse More Moral Stories