ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد نے عوامی شکایات کے فوری ازالہ کیلئے ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفس کا افتتاح کر دیا

عوامی شکایات کا فوری حل اولین ترجیح ہے، ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفس میں ایک چھت کے نیچے تمام شکایات کا ازالہ ہو گا۔ ڈی پی او

اتوار 13 جنوری 2019 00:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2019ء) ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت نے عوامی شکایات کے فوری ازالہ اور ان کے حل کیلئے ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفس کا افتتاح کر دیا۔ انسپکٹر جنرل آف خیبر پختونخوا پولیس صلاح الدین خان محسود کی خصوصی احکامات کی روشنی میں عوامی شکایات کے فوری حل اور ان کے ازالہ کیلئے ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت نے ڈی پی او آفس ایبٹ آباد میں ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفس کا افتتاح کر دیا۔

ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد سونیا شمعروز خان ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفیسر ہوں گی۔ افتتاح کی پروقار تقریب ہفتہ کو ڈی پی او آفس ایبٹ آباد میں منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کے ہمراہ ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفیسرایس پی سونیا شمعروز خان، ایس پی شعبہ تفتیش عزیز خان آفریدی، ایس پی ٹریفک وارڈن پولیس محمد اشتیاق اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد نے ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفس کا دورہ کیا اور عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا اور عملہ کو خصوصی ہدایات بھی دیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفیسر سونیا شمعروز خان نے ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفس کے حوالہ سے بریفنگ کے دوران بتایا کہ مذکورہ برانچ پشاورمیں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس انٹرنل اکائونٹبلیٹی بیورو سے مکمل رابطہ میں رہے گی جو پولیس ملازمین کے خلاف اور دیگر عوامی شکایات کے ازالہ اور اس کے حل کی نگرانی کرے گی۔

ضلعی شکایت آفس ،پولیس ایکسس سروس، پاکستان سٹیزن پورٹل اور دیگر تمام ذرائع سے موصول ہونی والی شکایات کا ازالہ اور ان کے حل کو یقینی بنائے گا، اس کے ساتھ ساتھ سنٹرل پولیس آفس پشاور، ریجنل پولیس آفس، ڈسٹرکٹ پولیس آفس ایبٹ آباد کی طرف سے موصول ہونے والی انکوائریز پر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر خطاب کے دوران ضلعی پولیس سربراہ نے فرمایا کہ عوامی شکایات کا فوری حل ہماری اوولین ترجیح ہے، ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفس اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جہاں ایک چھت کے نیچے تمام شکایات کا فوری حل اور ازالہ ہو گا، یہ عوام کیلئے ایک بہترین سہولت ہے جس سے وہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفس میں عوام بلا خوف خطر اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں، اس کے علاوہ پاکستان سٹیزن پورٹل، پولیس ایکسس سروس (پاس) کے ذریعہ موصول ہونے والی شکایات کا بھی زالہ کیا جائے گا جبکہ عوام الناس بذریعہ فون نمبر 0992-337035، موبائل فون نمبر 03461119651 فیکس نمبر 09929310025 اور ای میل ایڈریس [email protected] پر بھی اپنی شکایات کا اندراج کروا سکتے ہیں۔

خطاب کے دوران ضلعی پولیس سربراہ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفیسر کسی بھی ذرائع سے موصول ہونے والی شکایات کے فوری حل کیلئے شکایت کنندہ سے رابطہ کر کے اس کی شکایت پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنائے گا۔ پولیس افسران کو مخاطب کرتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ نے کہا کہ عوام کی طرف سے موصول ہونے والی شکایات کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے اس معاملہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں