ٹریفک کے گھمبیر مسائل کو جامع حکمت عملی کے تحت حل کیا جا رہا ہے، غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، ٹریفک وارڈن ہزارہ ایس پی اشتیاق احمد کی ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام فوکس فورم میں اظہار خیال

بدھ 24 اپریل 2019 11:05

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) ٹریفک وارڈن ہزارہ ایس پی اشتیاق احمد نے کہا ہے کہ ٹریفک کے گھمبیر مسائل کو جامع حکمت عملی کے تحت حل کیا جا رہا ہے، غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، ٹریفک اہلکار باقاعدہ تربیت یافتہ ہیں، ٹریفک پولیس کے 130 اہلکار حویلیاں، نتھیاگلی، ایبٹ آباد شہر میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

وہ گذشتہ روز ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام’’ فوکس فورم‘‘ میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ اشتیاق احمد نے کہا کہ ہزارہ موٹر وے کھلنے سے ٹریفک کا بھائو کم ہونے کا امکان ہے، شہر کو تین زون میں تقسیم کر کے لوگوں کو ہر ممکن سہولت دے رہے ہیں، روٹ نمبر کے تحت ٹوکن کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے، کسی بھی عوامی شکایت پر فوری کاروائی ہوتی ہے، گاڑیوں کی فٹنس کیلئے موٹر وہیکل ایگزامینر کو ہدایت کی ہیں۔

(جاری ہے)

اشتیاق احمد نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے جنرل بس سٹینڈ کی شہر سے باہر منتقلی ضروری ہے، شہر میں پارکنگ نہ ہونے سے جگہ جگہ گاڑیاں کھڑی کی جاتی ہیں جو ٹریفک روانی میں خلل ڈال رہی ہیں، سیاحوں کو سہولت کیلئے دو ایمبولینس بھی کام میں لائی جائیں گی۔ ایس پی اشتیاق احمدنے کہا کہ ٹریفک پولیس بلاتفریق اورکسی دبائو کے بغیر کام کر رہی ہے، عوام بھی تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں