ضلع پولیس ایبٹ آباد کی ماہ جولائی میں منشیات فروشوں اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ، پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 60 کلو چرس، دو کلو ہیروئن، 300 افیون اور 666 بوتل شراب برآمد کی

ہفتہ 18 اگست 2018 11:17

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) ضلع پولیس ایبٹ آباد کی ماہ جولائی میں منشیات فروشوں اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی پی او آفس ایبٹ آباد میں ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کی زیر صدارت ماہ جولائی کے حوالہ سے کرائم میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں ایس پی انوسٹی گیشن، ایڈیشنل ایس پی، جملہ ایس ڈی پی اوز اور تمام تھانوں کے ایس ایچ او اور شعبہ تفتیش کے افسران صاحبان نے شرکت کی۔

ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آبادنے ماہ جولائی کے کرائم کے حوالہ سے تفصیلی میٹنگ کی اور تمام تھانوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ تمام ایس ایچ اوز کی ماہ جولائی کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی جس میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ضلع پولیس ایبٹ آباد نے 60 کلو گرام چرس، دو کلوگرام ہیروئن، 300 گرام افیون، 666 بوتل شراب برآمد کی۔

(جاری ہے)

اسی طرح غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ضلع پولیس نے 53 بندوقیں مختلف بور، دو کلاشنکوف، 12 عدد رائفلیں، 67 پستول اور 1003 کارتوس برآمد کئے۔ مجرمان اشتہاریوں کے خلاف کارروائی کے دوران ماہ جولائی میں ضلع پولیس نے 30 مجرمان اشتہاری جبکہ 20 عدالتی مفرور گرفتار کئے۔ اسی طرح جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ضلع پولیس نے ماہ جولائی کے دوران 110293 گاڑیوں کو بذریعہ وہیکل ویری فکیشن سسٹم (وی وی ایس) چیک کیا گیا جبکہ 85133 اشخاص کو بذریعہ کریمینل ریکارڈ ویری فکیشن سسٹم (سی آر وی ایس) چیک کیا گیا۔

ماہ جولائی کے دوران سزا و جزا کا سلسلہ جاری رہا جس میں 15 پولیس افسران کو مختلف نوعیت کی سزائیں جبکہ 40 پولیس افسران کو بہترین کارکردگی پر انعامات سے نوازا گیا۔ ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت نے پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں عید کی آمد کے موقع پر مفروران کی گرفتاری کیلئے خصوصی مہم شروع کی گئی ہے جس میں مفروروں کی گرفتاری کے سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور مفروران کو پابند سلاسل کریں۔

انہوں نے مزید احکامات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ عیدالاضحٰی کے موقع کو مدنظر رکھتے ہوئے ہوائی فائرنگ، پٹاخوں کی فروخت، اسلحہ آتشیں کی نمائش، غیر قانونی کار پارکنگ، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری اور ون ویلنگ، کالے شیشے والی گاڑیوں اور بغیر این او سی جانوروں کی منڈیاں لگانے پر پابندی عائد ہو گی، خلاف ورزی کی صورت میں تمام عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اسی طرح ضلعی پولیس سربراہ نے ٹریفک کے حوالہ سے عیدالاضحٰی کے موقع پر باقاعدہ حکمت عملی کے بارے میں ٹریفک سٹاف کو خصوصی ہدایات دیں اور ٹریفک پولیس کو خصوصی ٹاسک دیتے ہوئے سیاحوں اور شہریوں کو اس پریشانی سے نجات دلانے میں اپنا بھرپور فرض ادا کریں تاکہ لوگ اس تکلیف سے بچ سکیں۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں