صوبہ ہزارہ کے قیام کی جدوجہد کو تیز کرنے کیلئے ہزارہ عوامی اتحاد ہزارہ قومی محاذ میں ضم

پیر 4 جولائی 2022 12:20

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2022ء) صوبہ ہزارہ کے قیام کی جدوجہد کو تیز کرنے کیلئے ہزارہ عوامی اتحاد کو ہزارہ قومی محاذ میں ضم کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا۔ اس سلسلہ میں شمولیتی تقریب کا انعقاد ایبٹ آباد پریس کلب میں کیا گیا جس میں ہزارہ عوامی اتحاد کے سربراہ جاوید خان جدون نے اپنی کابینہ اور جنبہ سمیت ہزارہ قومی محاذ میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل ایچ کیو ایم ذوالقرنین خان جدون اور ہزارہ عوامی اتحاد کے صدر جاوید خان جدون نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں صوبائی صدر ہزارہ قومی محاذ امجد قدوس خان، ہزارہ موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اسد خان جدون اور دیگر بھی موجود تھے۔ چیئرمین ہزارہ قومی محاذ قاضی اظہر ایڈووکیٹ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ عوامی اتحاد کا ہزارہ قومی محاذ میں ضم ہونا صوبہ کی تحریک کو دوام بخشنے میں بڑی مدد دے گا، صوبہ ہزارہ کا قیام ہزارہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے جس کیلئے سب سے پہلے ایچ کیو ایم کے بانی ملک آصف ایڈووکیٹ مرحوم نے 1987ء میں آواز بلند کی تھی اور پختون خوا نامنظور تحریک کا آغاز کیا تھا جس میں پارٹی کو تقویت ملی تھی لیکن اس میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کامیاب ہوئی اور ہزارہ قومی محاذ دو حصوں میں بٹ گئی تھی۔

(جاری ہے)

قاضی محمد اظہر ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہزارہ کے عوام صوبہ کا قیام کے خواہاں ہیں جس کے مقاصد سے عوام کو آگاہ کرنے کی جدوجہد مشکلات کا بھی شکار ہوئی ہے، ہزارہ کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنے کیلئے ہزارہ قومی محاذ جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہے، ہزارہ میں بندوبست اراضی کیلئے باہر سے پٹواری بھرتی کرنے کی کوشش کو ناکام بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ قومی محاذ نئے ولولہ جوش اور جذبہ کے ساتھ میدان میں اتر آئی ہے، ہزارہ قومی محاذ ہزارہ صوبہ کے قیام کو انتظامی بنیادوں پر بنانے کی خواہاں ہے، پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس وقت کی ضرورت ہے، ہزارہ قومی محاذ 33 سال سے اس کے قیام کی جدوجہد کر رہی ہے، ایبٹ آباد میں ہزارہ صوبہ کی آواز بلند کرنے والوں کونشانہ بنایا گیا جن کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور ایک روز صوبہ ہزارہ ضرور بنے گا جس کے عوام خوشحال ہوں گے۔

قبل ازیں ہزارہ عوامی اتحاد کے سربراہ جاوید خان جدون نے کہا کہ ہزارہ عوامی اتحاد کا ہزارہ قومی محاذ میں ضم ہونا صوبہ کے قیام کیلئے مل کر جدوجہد کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں