قوم مسلم لیگ(ن) کے ساتھ کھڑی ہے، نواز شریف وزیر اعظم ہوں گے۔مرتضیٰ جاوید عباسی

جمعہ 12 جنوری 2024 20:13

حویلیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2024ء) ایبٹ آباد کے حلقہ این اے 16سے مسلم لیگ(ن)کے امیدوار مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ قوم مسلم لیگ(ن) کے ساتھ کھڑی ہے۔ نواز شریف وزیر اعظم ہوں گے، مسلم لیگ(ن) کو ختم کرنے کی سازشیں کرنے والے آج خود عدالتوں کے آگے کھڑے ہیں۔تحصیل حویلیاں کے تمام ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ کے دور میں بنے،8 فروری ملک وزیراعظم نواز شریف کے نعروں سے گونجے گا۔

وہ جمعہ کو یہاں حویلیاں کے گاؤں جھنگرہ میں عوامی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

جلسہ سے پی کے 45سے مسلم لیگ (ن)کے امیدوار سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے بھی خطاب کیا۔مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے نازک دور سے گزر رہا ہے جس کے لئے ایک مضبوط حکومت کی ضرورت ہے۔ جو لوگ مسلم لیگ (ن) اور میاں نواز شریف کو مائنس کرکے سیاست کرنا چاہتے تھے‘ آج وہ انتخابی نشان تلاش کررہے ہیں۔ امیدوار صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے کہا کہ تحصیل حویلیاں میں اپوزیشن میں ہوتے ہوئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری مسلم لیگ (ن) اور میاں نواز شریف کی فتح کا دن ہوگا۔ صوبہ خیبر پختونخواسمیت مرکز میں مسلم لیگ (ن)کی حکومت ہوگی۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں