بہاول پور چیمبر میں ٹیکس اینڈ بجٹ پرپوزل سیمینار کا انعقاد

پاکستان کی بزنس کمیونٹی پوری ایمانداری سے اپنے ذمے واجب الادا ٹیکس اداکریں اور ذمہ دار پاکستانی ہونے کا ثبوت دیں,چیف کمشنر ان لینڈ ریونیوغضنفر حسین کاسیمینار سے خطا ب

جمعرات 2 فروری 2017 22:49

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 فروری2017ء) بہاولپور چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری میں گزشتہ روز ٹیکس اینڈ بجٹ پرپوزل سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف کمشنر ان لینڈ ریونیوبہاولپورغضنفر حسین ، کمشنر ان لینڈ ریونیو زبیر بلال پاکستان ٹیکس بار ، لاہور ٹیکس بار ، بہاولپور ٹیکس بار اور پاکستان کے دیگر علاقوں سے ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کے نمائندگا ن کے علاوہ بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد ارشد صابری، نائب صدر، محمد منیب ملک، اراکین ایگزیکٹو کمیٹی ، چیمبر کے سابق صدور چوہدری عبدالجبار ، سیٹھ محمد ارشد، چوہدری محمد علی، شیخ محمد عباس رضا، چوہدری عبدالستار اور چیمبر اراکین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

سیمینار سے خطا ب کرتے ہوئے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو نے کہا کہ پاکستان کی تمام بزنس کمیونٹی کو پوری ایمانداری سے اپنے ذمے واجب الادا ٹیکس اداکریں اور ذمہ دار پاکستانی ہونے کا ثبوت دیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ٹیکس بار ایسوسی ایشن ایک آزاد تنظیم ہے جو کہ آزادانہ طریقے سے اپنا کام جارے رکھے ہوئے ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر عبدالقادر میمن نے ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں کے حدف پر بات کرتے ہوئے بتا یا کہ سال 2007 ء سے لیکر 2017 ء تک متوقع ریونیو کلیکشن 3.621 ٹریلین ہے جو کہ 328 گنا ذیادہ ہے۔

انہوں نے معاشی اور ٹیکس سے متعلقہ مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ہمیں ٹیکس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے اور معاشرے کے طبقات کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ ٹیکس پالیسیز طویل المعیاد اور متواتر نہیں ہیںجبکہ ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے ریٹ میں کمی کی جائے اور ٹیکس قوانین کو آسان بنا کر کاروبار کرنے کے لیے مواقع پید ا کرنے چاہییں اور موجو دہ ٹیکس گزاروں کے لیے سہولتیں اور آسانیا ں پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

دیگر ممالک سے پاکستا ن کا ایوریج کارپوریٹ انکم ٹیکس ریٹ کا موازنہ کرتے ہوئے انہوںنے بتایا کہ ہمارے ہاں فکس ریٹ کی شرح 32 فیصد ہے جو کہ بہت ذیادہ ہے۔ انہوںنے یہ بھی بتایا کہ حکومت ڈائریکٹ ٹیکسز کی بجائے ان ڈائریکٹ ٹیکسز پر ذیادہ انحصار کرتی ہے جبکہ وفاقی اور صو بائی سطح پر ان ڈائریکٹ ٹیکسز میں مطابقت نہیںہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے لاہور ٹیکس بار ایسوی ایشن کے سابق صدر منشاء سکھیرا نے ان ڈائریکٹ ٹیکسز پر ملٹی میڈیا کے ذریعے تفصیلاً روشنی ڈالی۔

پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے موجو دہ صدر محسن ندیم نے کہاکہ پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کو آڈٹس میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے لیکن اس کا کام ٹیکس کلیکشن نہیں ہونا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان ٹیکس بار ہر سال حکومت کو بجٹ تجاویز دیتی ہے اس سال بجٹ تجاویز بہاولپور چیمبر آف کامرس میں زیر بحث لائی جا رہی ہیں کیونکہ بہاولپور کی بزنس کمیونٹی باقاعدگی سے اپنے ذمے واجب الاداٹیکس ادا کررہی ہے ۔

اس سے پہلے بہاولپور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر جاوید اقبال چوہدری نے مہمانوں کے اعزاز میں خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور بہاولپور کی معاشی ، صنعتی ، تجارتی اور علاقائی صورتحال پر روشنی ڈالی۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ ایف بی آر ان کے ریفنڈ کلیم جلد ازجلد ادا کر دیا کرے تاکہ ٹیکس دہندگان کی داد رسی ہو سکے۔تقریب کے آخر میں بہاولپور چیمبر کے نائب صدر محمد منیب ملک نے مہمانوں کے اعزاز میں اظہار تشکر پیش کیا اور اس کے بعد مہمانوں کے اعزاز میں چیمبرکی یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں