فروری کے انتخابات کے بعدنیا سیاسی تصور وجود میں آیا، منورحسن

منگل 9 جون 2009 22:46

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9جون ۔2009ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان منور حسن نے کہا کہ 18 فروری کے انتخابات کے بعد نیا کلچر، سیاسی تصور وجود میں آیا اور نئے مینڈیٹ کے ساتھ حکومت داخل ہوئی، پی پی پی کی حکومت اپنے وعدے پورے کرے اور عوام کو ریلیف دے، ایک سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے 17 ویں ترمیم کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ وہ منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف آزادانہ طور پر بیان بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چودھری کا بحال ہونا ملک کیلئے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاکہ سوات میں ملٹری آپریشن بند کیا جائے کیونکہ کسی بھی مسئلہ کا حل فوجی آپریشن نہیں ہوتا صرف و صرف مذاکرات ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سوات، مالاکنڈ اور بونیر کے 31 لاکھ افراد بے گھر ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت امریکی پالیسیوں کو نہ اپنائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے فوری طور پر بند ہونے چاہئیں۔ سندھ کے موجودہ حالات دن بدن خراب ہو رہے ہیں حالانکہ ایم کیو ایم حکومت کا حصہ ہے، حکومت فوری طور پر کراچی میں پرتشدد کارروائیاں کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کرے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اور امریکہ چاہتا ہے کہ ہم سے ایٹمی پروگرام چھین لئے جائیں لیکن وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکیں گے۔ بلوچستان میں اے پی سی کا فیصلہ ہونا چاہئے، بلوچستان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اور وہاں کے عوام کو انصاف ملنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں