خدا کے واسطے ہمارے لیے کچھ کریں، لفٹ میں پھنسے شخص کی دہائی

منگل 22 اگست 2023 19:50

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2023ء) ضلع بٹگرام کی تحصیل الائی میں پاشتو کے مقام پر تار ٹوٹ جانے کی وجہ سے اونچائی پر پھنس جانے والی چیئر لفٹ میں سوار ایک شخص نے حکومت، پاک فوج اور پوری قوم سے بچانے کی التجا کردی۔پاشتو کے مقام پر ایک ہی رسی پر لٹکی چیئر لفٹ میں 6 طلبہ سمیت 8 افراد سوار ہیں اور انہیں بچانے کیلئے پاک فوج کا ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔

چیئر لفٹ میں سوار 20 سالہ گلفراز نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ لفٹ صبح سوا سات بجے سے پھنسی ہوئی ہے اور اس پر مجموعی طور پر 8 افراد سوار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایک شخص عارضہ قلب میں مبتلا تھا جو ہسپتال جا رہا تھا لیکن چیئر لفٹ پھنس جانے کے بعد وہ بے ہوش ہوگیا۔ان کے مطابق ان کی عمر 20 سال ہے ، باقی تمام بچوں کی عمریں 15 سال تک ہیں اور عارضہ قلب میں مبتلا شخص زائد العمر ہے لیکن وہ بے ہوش ہے۔

(جاری ہے)

گلفراز کے مطابق مذکورہ چیئر لفٹ کے ذریعے علاقہ مکین معمول کے مطابق ا?تے اور جاتے تھے لیکن 22 اگست کی صبح نہ جانے کس وجہ سے کیبل کا تار ٹوٹ گیا۔انہوں نے جذباتی انداز میں بتایا کہ سب لوگ صبح گھر سے ناشتہ کرکے نکلے تھے اور دوپہر تک سب کو شدت سے بھوک لگنے لگی اور پیاس سے بھی نڈھال ہونے لگے تھے۔گلفراز کے مطابق چیئر لفٹ میں پھنسے تمام افراد کے موبائل فونز کی بیٹریز بھی ختم ہونے لگی ہیں اور 5 گھنٹے گزر جانے کے باوجود ریسکیو آپریشن شروع نہیں ہوسکا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ انہیں درخواست کرنا نہیں آتی، انہیں نہیں معلوم کہ کس طرح کیا بات کی جاتی ہے لیکن خدا کے لیے ان کے لیے کچھ کیا جائے۔گلفراز نے کہا کہ حکومت اور حکمران ان کے لیے کچھ کریں، ان کے رشتے دار اور علاقہ مکین چیئرلفٹ کے قریب جمع ہوگئے ہیں، سب رو رہے ہیں۔گلفراز نے حکام اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ خدا کے لیے انہیں بچانے کے لیے کچھ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں