کمشنر ہزارہ کی ضلع بٹگرام کی تحصیل الائی میں کھلی کچہری کے دوران عوام نے شکایت کے انبار لگا دیئے

ہفتہ 5 اکتوبر 2019 15:10

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2019ء) کمشنر ہزارہ کی ضلع بٹگرام کی تحصیل الائی میں کھلی کچہری کے دوران عوام نے شکایت کے انبار لگا دیئے۔ کمشنر ہزارہ نے فوری طور پر مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بٹگرام سمیت تمام محکموں کے ضلعی افسران، نوابزادہ اکبر ناموس خان اور جمال عبدالناصر خان موجود تھے۔

کھلی کچہری میں عوام نے پبلک ہیلتھ، سی اینڈ ڈبلیو، محکمہ صحت، ٹی ایم اے اور دیگر کے خلاف شکایات کیں۔ سابق امیدوار صوبائی اسمبلی مفتی غلام الله، سابق تحصیلدار حبیب الرحمن، محمد قریش، محمد خالق، عنایت الرحمن، میر باز، بصیر شاہ، عزیر الرحمن ٹنڈول اور دیگر نے اپنے مسائل پیش کئے۔ معززین علاقہ نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ آبنوشی سکیموں پر تعینات وال مین اور لائن مین ڈیوٹی نہیں کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

چار کروڑ روپے کی لاگت سے پاشتو تا لغڑی آنبوشی سکیم سے عوام مستفید نہیں ہو رہے ہیں، متعدد بار درخواستیں دی ہے مگر شنوائی نہیں ہو سکی۔ سابق تحصیلدار حبیب الرحمن نے گورنمنٹ ڈگری کالج الائی کی عمارت تعمیر کیلئے مزید اراضی ایکوائر کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کنڈائو سے بنہ تک سڑک کو فی الفور ٹھیک کرانے کا مطالبہ کیا۔ سابق امیدوار صوبائی اسمبلی مفتی غلام الله نے بلیجہ پہاڑی تنازعہ اور وادی چوڑ کا بندوبست کرانے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے تحصیل کمپلیکس کی عمارت کی تعمیر اور کنڈ بنہ سڑک سمیت تمام سڑکوں کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ بنہ بازار کے صدر محمد قریش نے کہا کہ ٹی ایم او الائی میں ڈیوٹی نہیں کر رہے ہیں، ٹی ایم او سمیت دیگر افسران اپنے فرائض میں کوتاہی کے مرتکب ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹائپ ڈی ہسپتال میں ڈاکٹر غیر معیاری ادوایات لکھتے ہیں جس سے مریضوں کو افاقہ نہیں ہوتا ہے اور مخصوص کمپنیوں سے ڈیل کر کے اُسی کی ادویات لکھ رہے ہیں۔

انہوں نے واٹر سپلائی سکیم دمرائی کے متعلق بھی شکایت کی۔ سابق وی سے ناظم میر باز خان نے ڈی ایف او فرہاد علی کی تعریف کی اور کہا کہ انہی کی وجہ سے جنگلات محفوظ ہیں اور ٹمبر سمگلروں کے خلاف گھیرا تنگ کیا ہوا ہے۔ تاجران الائی کے جنرل سیکرٹری عنایت الرحمن نے کہا کہ الائی میں گذشتہ کئی دنوں سے بائولے کتوں نے کئی افراد کو کاٹ کر زخمی کیا لیکن الائی کے ہسپتال اور ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال بٹگرام میں بھی ویکسین دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو مجبوراً ایبٹ آباد جانا پڑتا ہے۔

کمشنر ہزارہ سید ظہیر السلام نے ٹی ایم او سمیت تمام افسران کو سختی سے ہدایات کی کہ وہ اپنی حاضری کو یقینی بنائے اور عوامی مشکلات کے ازالے کیلئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں