سکولوں میں این ایس بی فنڈز کے استعمال پر چیک اینڈ بیلنس نہ رکھنے والوں کیخلاف کاروائی کرنے کی ہدایت

بدھ 26 ستمبر 2018 13:56

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے کہا ہے کہ سکولوں میں این ایس بی فنڈز کے استعمال پر چیک اینڈ بیلنس نہ رکھنے والے اے ای اوز کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کی جائے گی ۔انہوںنے اے ای اوز کو سختی سے ہدایت کی کہ متعلقہ سکولوں کے این ایس بی فنڈز کا منصفانہ اور شفاف ترین استعمال گائیڈ لائنز کے مطابق یقینی بنانے کیلئے نگرانی کا عمل سخت ترین بنایا جائے ۔

انہوںنے یہ ہدایات ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے اجلاس میں این ایس بی ایکشن پلان کے جائزہ کے دوران جاری کیں ۔اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ز،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز ،ڈی ایم او اور اسسٹنٹ کمشنر بھکر نے بھی شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے کہاکہ سکولوں میں این ایس بی فنڈز کے دائرہ کار کی سہولیات کی حسب منشاء بہتری پر کامل توجہ مرکوز رکھی جائے اور اس بات کاخاص خیال رکھا جائے کہ مذکورہ فنڈز سے سکولوں میں سہولیات کی بہتری کے اعتبار سے موافق ماحول برقرار رکھ کر تدریسی و انتظامی امور کو مطلوبہ انداز میں ترقی یافتہ بنایاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں اے ای اوز انتہائی بنیادی سطح کے سپروائزری آفیسرز ہیں اور انتظامی امور کو کڑی نگرانی کے تحت مستحکم بنانا انکی اولین ذمہ داری ہے جس کی تکمیل میں ناقص کارکردگی کو ہرگز برداشت نہیں کیاجائے گا ۔انہوں نے خبردار کیا کہ ناقص اور غیر معیاری کارکردگی کے حامل اے ای اوز سے یہ ذمہ داری واپس لے لی جائے گی ۔ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے اجلاس کے دوران سکول ریفارمز روڈمیپ کے انڈیکیٹرزخصوصا ایل این ڈی کے نتائج کا بطور خاص جائزہ لیا۔

انہوں نے تما م انڈیکیٹرز پر احسن عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ضلع کے ایجوکیشن مینجرز اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفس کے آپسی اشتراک کو مشاورتی بنیاد پر مستحکم بنانے کی ہدایت کی ۔انہوںنے واضح کیا کہ سکول ریفارمز روڈمیپ کے انڈیکیٹرز پر عملدرآمد میں ناقص کارکردگی کے حامل ایجوکیشن مینجرز اور سکولوں کے ہیڈٹیچرز کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں