سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب کا کاٹن ریسرچ اسٹیشن ساہیوال کادورہ

جمعہ 10 مارچ 2023 22:02

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2023ء) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کاٹن ریسرچ اسٹیشن ساہیوال کادورہ کیا اور اسٹیشن کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے 2016 کے بعد کوئی نیا کاٹن سیڈ متعارف نہ کرانے اور کسانوں کو کسی قسم کی رہنمائی فراہم نہ کرنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور ناقص کارکردگی پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہر سال لاکھوں روپے کے فنڈز کاٹن ریسرچ کے لئے فراہم کر رہی ہے جبکہ کارکردگی صفر ہے جسے برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لئے نئے بیج متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے بغیر ملکی ضروریات پوری کرنا ممکن نہیں اور پاکستان ہر سال اربوں ڈالر کی کپاس درآمد کرنے پر مجبور رہے گا۔

(جاری ہے)

ثاقب علی عطیل نے محکمہ زراعت کے افسران پر زور دیا کہ وہ کسانوں سے قریبی رابطہ رکھیں اور انہیں فصلوں کی پیداوار میں اضافے کے لئے بروقت مشورے دیں۔ قبل ازیں انہوں نے ساہیوال میں کپاس کی اگیتی کاشتہ فصل کے ایک کھیت کے معائنہ کے دوران کہا کہ ساہیوال ڈویژن میں کپاس کے زیر کاشت رقبہ میں بتدریج اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، کاشتکار آلو اور مکئی کے بعد کپاس کی کاشت کو ترجیح دے رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار کپاس کی منظور شدہ اقسام کاشت کریں کیونکہ غیر منظور شدہ اقسام پر نقصان دہ کیڑوں وبیماریوں کا حملہ زیادہ ہوتا ہے جس سے پیداوار بھی کم حاصل ہوتی ہے۔سیکرٹری زراعت نے مزید کہاکہ فصلوں کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے فاسفورس اور پوٹاش والی کھادوں سمیت کپاس کے بیج پر سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت توسیع شہباز احمد نے بتایا کہ گزشتہ سال ساہیوال ڈویژن میں کپاس کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ ہوا اور ایک لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر فصل کاشت ہوئی،امسال بھی کپاس کی اگیتی کاشت میں کاشتکارزیادہ دلچسپی لے رہے ہیں اور ابتک تقریباً 2 ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت ہوچکی ہے،کاشتکاروں کی عملی رہنمائی کیلئے مرکز لیول پر کپاس کے 3سے5ایکڑ کے نمائشی پلاٹ بھی لگائے جارہے ہیں۔

\378

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں