ڈی آئی خان،شادی میں شرکت کیلئے جانیوالے خاندان کی گاڑی کوحادثہ،دوافرادجاں بحق

منگل 16 اکتوبر 2018 23:53

ڈی آئی خان۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) بھکر سے کرک شادی میں شرکت کے لئے جانے والے خاندان کی کار کو حادثہ ،خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی،دو افراد بال بال بچ گئے ،حادثہ تیز رفتار پک اپ ڈالے کے ڈرائیور کی غفلت اور بے احتیاطی کے سبب اسے نیند آنے سے کار میں ٹکرانے کے باعث پیش آیا ،پولیس ذرائع ،پک اپ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

تھانہ یارک کی حدود ڈیرہ بنوں روڈ علاقہ پندرہ میل کے قریب پیزو سے ڈیرہ آنے والا تیز رفتار پک اپ ڈالا بے قابو ہوکر مخالف سمیت میں آنے والی کار کے ساتھ ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں کار ڈرائیور 45 سالہ محمدشریف ولد محمد شفیع ،23 سالہ شگفتہ پروین زوجہ کامران موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 23 سالہ ارشاد بی بی زوجہ اقبال اقوام بھٹی ساکنان چمنی محلہ بھکر شدید زخمی ہوگئی ۔

(جاری ہے)

کار میں موجود دیگر دو افراد کامران ولد محمد عظیم اور محمد شہباز ولدمحمد اقبال خوش قسمتی سے بال بال بچ گئے ۔کار اور پک اپ ڈالے میں تصادم اتنا شدید تھا کہ پک اپ ڈالے کی پچھلی سائیڈ پر موجود لمبی آئرن پٹی کار ڈرائیور محمد شریف کے سینے میں دھنس گئی جسے پوسٹمارٹم کے دوران باہر نکالا گیا ۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو کی امدادی ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں ۔

لاشوں اور زخمی خاتون کو کار سے باہر نکال کر ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں پوسٹمارٹم کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کردی گئی ۔واقعہ کے بعد پک اپ گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق کار میں ایک خاندان کے افردا سوار تھے جو کہ بھکر سے کرک اپنے رشتہ دار کی شادی میں شرکت کے لئے جارہے تھے ۔پولیس کے مطابق حادثہ پک اپ ڈالے کے ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا ہے۔پولیس نے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف ٹریفک حادثے کا مقدمہ درج کرلیاہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں