تمام شعبوں میں اصلاحات کا عمل شروع کیا ہے، عوام بہت جلد تبدیلی محسوس کریں گے، وزیراعلی خیبر پختونخوا

ہفتہ 11 مئی 2024 17:12

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2024ء) وزیراعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی میں وکلاء برادری کا اہم کردار ہے، وکلاء برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، تمام شعبوں میں اصلاحات کا عمل شروع کیا ہے، عوام بہت جلد تبدیلی محسوس کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ اسماعیل خان بنچ کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی نو منتخب کابینہ سے حلف لیا۔ ہائی کورٹ ڈی آئی خان بینچ آمد پر وکلاء نے وزیراعلیٰ کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب میں وزیراعلی کو ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ڈی آئی خان کی اعزازی ممبرشپ دی گئی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ڈی آئی خان کی نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، امید ہے نو منتخب کابینہ وکلاء برادری کی فلاح و بہبود اور قانون کی بالادستی کے لئے کردار ادا کرے گی، لوگوں کو انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی میں وکلاء برادری کا اہم کردار ہے، رول آف لاء اور فوری انصاف کی فراہمی پی ٹی آئی کے منشور میں سر فہرست ہیں، اس مقصد کے لئے عدالتی نظام کو مضبوط بنائیں گے، مختلف عدالتوں کے ججز کی تعداد میں 100 مزید ججز کا اضافہ کررہے ہیں تاکہ سالہا سال سے زیر التواء کیسز جلد نمٹائے جاسکیں۔

وزیراعلی نے کہا کہ لوگوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لئے کیسز کی نوعیت کے مطابق ان کی ڈسپوزل کے لیے ٹائم لائنز مقرر کرنے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں وکلاء اور عدلیہ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔وزیراعلی نے کہا کہ ہمارا صوبہ غریب نہیں بلکہ وسائل سے مالامال ہے، موجودہ صوبائی حکومت صوبے کی ترقی کے لئے ان وسائل کے موثر اور بہتر استعمال پر کام کر رہی ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ تمام شعبوں میں اصلاحات کا عمل شروع کیا ہے، عوام بہت جلد تبدیلی محسوس کریں گے، نظام کو ٹھیک کرنے کے عمل میں وکلاء سمیت عوام میرا بھر پور ساتھ دیں، صوبے کی وکلاء برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، سخت وقت میں پارٹی کا بھر پور ساتھ دینے پر انصاف لائرز فورم کا مشکور ہوں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں