کاشتکاروں کو بہاریہ فصلات پر سفید مکھی کے حملہ کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت

جمعہ 20 اپریل 2018 12:27

فیصل آباد۔20 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو بہاریہ فصلات پر سفید مکھی کے حملہ کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کی ہدائت کی ہے اور کپاس کی آئندہ فصل کو بھی سفید مکھی کے حملہ سے بچانے کیلئے محکمانہ سفارشات پر عملدر آمد کا مشور ہ دیا ہے ۔ محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ ماہرین زراعت نے فصلوں کو گلابی سنڈی اورسفید مکھی سے بچانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں کیونکہ سفید مکھی کپا س کا انتہائی نقصان دہ کیڑا ہے جو سارا سال متحرک رہتا ہے نیز سفید مکھی کپاس کے علاوہ میزبان پودوں مکئی، جوار، تمبا کو، سورج مکھی، لوسرن، برسیم ،گوبھی، مولی، شکر قندی ، بینگن، بھنڈی توری، خربوزہ، تربوز، مرچ، پالک، چپن کدو، ٹماٹر، پیاز، مٹر، آلو، لیچی، ترشاوہ پھل، انار بیر، امرود، شہتوت، پپیتا، لیہلی ، مکو، مینا، کرنڈ، گرڈینیا پربھی پر ورش پاتی ہے اس لئے ان فصلات اور پودوں کا خاص خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کاشتکار بہاریہ فصلوں اور سبزیات کی باقیات کو برداشت کے بعد فوراً تلف کردیں، کپاس کی کاشت کے علاقوں میں اور کپاس کے کھیتوں کے قریب بھنڈی توری، بینگن اور جوار کاشت نہ کریں ، کھیتوں اور کھالوں کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں۔انہوںنے کہا کہ کاشتکار بہاریہ فصلات پر سفید مکھی کے کیمیائی تدارک کیلئے محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے ایسی زہریں استعمال کریں جو سفید مکھی کے تدارک کیلئے مئوثر اور مفید کیڑوں کیلئے محفوظ ہوں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں