فیصل آبادڈویژن کے چاروں اضلاع میں تمام جانوروں کو منہ کھرکی بیماری سے بچانے کیلئے ویکسینیشن مہم کا آغاز

جمعرات 21 جنوری 2021 13:05

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2021ء) محکمہ لائیوسٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آبادنے ڈویژن کے چاروں اضلاع جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ اور فیصل آباد کے اضلاع میں تمام جانوروں کو منہ کھرکی بیماری سے بچانے کیلئے ویکسی نیشن مہم کا آغاز کر دیا ہے۔محکمہ کے ترجمان نے بتایا کہ ڈویژن کی تمام تحصیلوں میں بھی جانوروں میں نمکیاتی آمیزہ کی افادیت بارے آگاہی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے تاکہ مویشی پال حضرات اور فارمرز نمکیاتی آمیزہ کا استعمال کریں جو مویشیوں کی پیداواری صلاحیت بڑھاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 11روپے روزانہ کے خرچ سے جانوروں کی گوشت و دودھ کی پیداوار بڑھائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گاؤں کی سطح پر ویکسی نیشن کی افادیت سے آگاہی کیلئے موبائل لیبارٹریز کام کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک کا تیار کردہ منرل مکسچر کم قیمت اور اعلیٰ معیار کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات موسم سرما کی شدت کے باعث مویشیوں کی خوراک و دیکھ بھال بارے خصوصی توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں چارہ کی کمی کو پورے کرنے کیلئے فارمرز برسیم میں سرسوں ملا کر کاشت کر لیتے ہیں جس سے موسم سرما کی شدت تیزی سے بڑھتے ہوئے پودوں میں نائٹریٹ کا اضافہ کر دیتی ہے جس کی وجہ سے خالی پیٹ چارہ کھانے کے بعد جانوروں میں نائٹریٹ کے زہریلے پن سے ان کی موت واقع ہوسکتی ہے لہٰذا محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کی جانب سے ہدایت کی جاتی ہے کہ اولاًسرسوں کے متبادل یعنی برسیم میں جوی کا استعمال کریں بصورت دیگر سرسوں وبرسیم والے چارہ جات اوس اور کورا کی نمی ختم ہونے پر کاٹیں اور اس میں خشک چارہ جات مثلاً توڑی کا چوتھا حصہ ضرور شامل کرلیں نیز جانوروں کو سردی سے بچائیں اور ٹھنڈا پانی نہ پلائیں۔

انہوں نے کہا کہ مزید معلومات و رہنمائی  کے لئے محکمہ کی فری ہیلپ لائن 0800-78686پربھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں