عیدالاضحی پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لئے ضلع بھر میں 26پوائنٹس مختص

جمعرات 16 اگست 2018 23:38

فیصل آباد۔16 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) ضلعی انتظامیہ نے عیدالاضحی کے موقع پر مدارس وفلاحی اداروں کی طرف سے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لئے ضلع بھر میں 26پوائنٹس مختص کردئیے ہیں اس سلسلے میں جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق مقررکئے گئے مقامات کے علاوہ دیگر کسی جگہ پر کھالوں کے کاروبار بطور عطیات وصول کرنے کے لئے کیمپ وغیرہ لگانے پر پابندی ہوگی۔

قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کے لئے یہ پوائنٹس فیصل آباد شہر میں بیرون امین پور بازار عیدگاہ روڈ،نزد دربار بابا قائم سائیں باالمقابل قبرستان،ریاض شاہد چوک نزد واسا آفس،چاندنی چوک نزد ایم سی بوائز ہائی سکول اسلام نگر،واسا وئیر ہائوس نزد ناولٹی پل،ممتاز گارڈن گلشن رفیق روڈ یکس روڈ،سٹاپ نمبر5ہلال روڈ 224وزیر خاں والی،ٹینکی والا چوک منڈی کوارٹر،نشاط آباد میں چناب فیبرکس کے سامنے،سعید کالونی نمبر1مدینہ ٹائون میں قبرستان کے نزدیک کھلی جگہ،بیرون ایم آئی مڈل سکول نزد لال ڈسپنسری گلبرگ،بیرون ایم سی بوائز ہائی سکول غلام محمد آباد باالمقابل یونین کونسل دفتر،بیرون کمال آباد قبرستان،چھتری والا چوک جناح کالونی اورباالمقابل ڈھیرہ سائیں قبرستان غلام محمد آباد میں قائم ہونگے۔

(جاری ہے)

اسی طرح تحصیل جڑانوالہ میں پرانا تانگہ سٹینڈ،سلاٹر ہائوس جڑانوالہ،سلاٹر ہائوس کھرڑیانوالہ چوک،ویٹرنری ہسپتال کھرڑیانوالہ، تحصیل سمندری میں تانگہ سٹینڈ گوجرہ روڈ،باالمقابل لیڈی پارک،تحصیل تاندلیانوالہ میں جلہ چوک،ہاکی گرائونڈ کینال روڈ،ریلوے گرائونڈ ماموں کانجن اور تحصیل چک جھمرہ میں ریلوے گودام نزد ریلوے اسٹیشن اور سانگلہ روڈ پر محکمہ خوراک کے گودام کے نزدیک قائم ہونگے۔

ان مقامات پرکھالیں جمع کرنے کے لئے کیمپ کی اجازت کے حصول کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس کو تحریری درخواست دینا ہوگی۔ضلعی انتظامیہ کی طرف سے واضح کیا گیا ہے کہ کسی کالعدم تنظیم کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،خلاف ورزی کی صورت میں فوری ایکشن لیاجائے گا۔کاروباری افراد،مدارس اور فلاحی اداروں کی طرف سے کھالوں کیلئے ٹینٹ وغیرہ کاانتظام درخواست گزارکوخود کرنا ہوگا اور پوائنٹس پر لائوڈ سپیکر کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ایم ڈی فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل کمیٹیز کے چیف آفیسرز کھالیں جمع کرنے کے مقامات پرباقاعدگی سے صفائی کویقینی بنائیں گے اورجراثیم کش سپرے،پانی کے چھڑکائو اورچونا بچھانے کے لئے بھی اقدامات کریں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں