انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد کے سلسلے میں کوئی کوتاہی یا سستی نہیں ہونی چاہیے،ڈپٹی کمشنر

منگل 20 نومبر 2018 23:46

فیصل آباد ۔20اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) ضلع میں موجودہ سیزن کے دوران بھی انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد کے سلسلے میں کوئی کوتاہی یا سستی نہیں ہونی چاہیے۔اس ضمن میں متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کو کماحقہ پورا کریں اور کارکردگی رپورٹ سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرزجنرل،ہیڈ کوارٹرزملک مشتاق حسین نائچ،قیصر عباس رند،اسسٹنٹ کمشنرز نازیہ موہل،شاہد محمود،تنویرمرتضی،سی ای اوہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر حبیب بٹر،ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات شوکت حیات،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد،چیف آفیسرز میونسپل کمیٹیز،ڈی ڈی ایچ اوز،واسا،لوکل گورنمنٹ،سوشل ویلفیئر،لائیوسٹاک،زراعت،فشریز،کوآپریٹو،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،اینٹامالوجسٹس،پارکنگ کمپنی اوردیگر محکموں کے افسران کے علاوہ پرائیویٹ سکول الائنس اورپختون آبادیوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے وبائی امراض ڈاکٹر بلال احمد نے انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد جبکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندہ ڈاکٹر عدنان جمیل نے بعض خامیوں کی نشاندہی کی۔ڈاکٹر بلال احمد نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضلع میں انسداد ڈینگی اقدامات پر 15اینٹامالوجسٹس،452مردوخواتین سینٹری پٹرول مامور ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ ان ڈور سرویلنس کے تحت رواں سال اب تک 39لاکھ گھروں جبکہ آئوٹ ڈورکی سرویلنس کرتے ہوئے 36لاکھ 20ہزارسپاٹس کو چیک کیا اور دونوں جگہوں سے لاروا ملنے پر کیمیکل ٹریٹمنٹ کردی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ قابل استعمال پانی میں فشریز ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے ڈینگی مچھر کو کھانے والی مچھلیاں چھوڑی جاتی ہیں جبکہ استعمال نہ ہونے والے تالابوں وجوہڑوں کے پانی میں کیمیکل ڈال کر ڈینگی لارواکا صفایا کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ کاوشوں سے رواں موسم میں بھی ڈینگی لاروا کو افزائش کا موقع نہیں دیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو ڈینگی سے بچائو اوراحتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا احساس اجاگر رکھنے کے لئے بھرپور تشہیری ذرائع بروئے کار لائیں۔انہوں نے قبرستانوں،ٹائر شاپس،پارکوں،پودوں کی نرسریوں اور دیگر مشتبہ جگہوں پر خصوصی توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ وہ تحصیل سطح پر میٹنگز کرکے متعلقہ محکموں کو متحرک رکھیں۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے اقدامات کے سلسلے میں محض خانہ پری قابل قبول نہیں ۔اس ضمن میں متعلقہ محکموں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ جاری ہے اور عدم توجہی کی نشاندہی پر وہ جوابدہ ہونگے۔انہوں نے اینڈرائڈ موبائل فونز سے کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر اپ لوڈ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں