ْڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے جنرل ہائوس نے ہائی کورٹ بنچ کے قیام کیلئے 72روز سے جاری عدالتی تالا بندی اور مکمل ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا، نو منتخب صدر ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد چوہدری نوید مختار گھمن کا اعلان

منگل 22 جنوری 2019 15:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے جنرل ہائوس نے منگل کے روز ہائی کورٹ بنچ کے قیام کیلئے 72روز سے جاری عدالتی تالا بندی اور مکمل ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ مذکورہ فیصلہ لوگوں کی تکالیف ، زیر سماعت مقدمات کے بروقت فیصلوں اور جلد انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے تاہم ہائی کورٹ بنچ کے قیام تک ہر ہفتہ کو ہفتہ وار احتجاجی ہڑتال کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پیر کے روز ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے جنرل ہائوس اجلاس کے انعقاد کے بعد اے پی پی سے بات چیت کے دوران نو منتخب صدر ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد چوہدری نوید مختار گھمن نے بتایا کہ فیصل آباد کے وکلاء کئی سالوں سے فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ بنچ کے قیام کیلئے پر امن جدو جہد اور ہفتہ وار ایک روزہ ہڑتال کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ اب ارباب اختیار نے ان کے ساتھ مختلف ملاقاتوں میں یقین دہانی کروائی ہے کہ فیصل آباد میں ہائی کورٹ بنچ کے قیام کیلئے جلد عملی اقدامات کئے جائیں گے لہٰذا ان کی درخواست پر عدالتوں کی تالا بندی اور ہفتہ بھر ہڑتال کا سلسلہ ختم کر دیا گیا ہے تاہم جب تک فیصل آباد میں ہائی کورٹ کا بنچ قائم نہیں کر دیا جاتا اس وقت تک ان کی ہر ہفتہ کے روز ہفتہ وار احتجاجی ہڑتال جاری رہے گی اور اس روز عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے کوئی وکیل کسی عدالت میں پیش نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد سمیت ڈویژن کے دیگر اضلاع جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ پر مشتمل پونے 2کروڑ نفوس کی آبادی کو فوری و سستے انصاف کی فراہمی کے لئے فیصل آباد میں ہائی کورٹ بنچ کا قیام اشد ضروری ہے۔انہوںنے کہاکہ جب کوئی جائز مطالبہ جائز طریقے سے پورا نہ کیا جائے تو پھر اس میں سختی کا عنصر بھی شامل ہو جاتا ہے جو نا خوشگوار صورتحال کا موجب بنتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ فیصل آباد کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے وعدہ کیا ہے کہ وہ فیصل آباد میں ہائی کور ٹ بنچ کے قیام کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ منتخب باڈی کی اعلیٰ عدالتی شخصیات سے بھی ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوںنے یہ مسئلہ حل کرانے کا یقین دلایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وکلاء برادری کی باہمی رضامندی سے احتجاج مئوخر کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بعد ازاں ڈسٹر کٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے نو منتخب صدر چوہدری نوید مختار گھمن نے دیگر عہدیداران اور سینئر وکلاء کے ساتھ جا کر خود عدالتوں کے تالے کھولے اور ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں