موسم سرما کی آمد کے پیش نظر سموگ کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانی چاہئیں ، ڈویژنل کمشنر

بدھ 16 اکتوبر 2019 22:54

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے ہدایت کی ہے کہ موسم سرما کے آغاز میں سموگ کی روک تھام کے لئے احتیاطی وانسدادی اقدامات کو جامع اور موثر بنایا جائے اس ضمن میں متعلقہ محکمے اپنے فرائض متحرک انداز میں ادا کریں تاکہ شہریوں کو سموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں سموگ کی صورت حال سے نپٹنے کے لئے محکمانہ تیاریوں کاجائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد علی’ایڈیشنل کمشنرز رائے واجد علی‘محبوب احمد اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے جبکہ ضلع جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرزمحمد طاہر وٹو،میاں محسن رشید،سید امان انورقدوائی نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ وہ اپنے اضلاع میں انسداد سموگ اقدامات پر عملدرآمد کی نگرانی کریں اورعوامی آگاہی کے لئے وسیع بنیادوں پر مہم چلائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سموگ کی صورت حال کے حوالے سے ضلع فیصل آباد ریڈ زون میں شامل ہے لہذا انسدادی کارروائیوں میں سستی نہیں ہونی چاہیے۔ڈویژنل کمشنر نے زگ زیگ ٹیکنالوجی اختیار نہ کرنے والے اینٹوں کے بھٹوں،دھواں چھوڑنے والی فیکڑیوں،کارخانوں‘ گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا جائے علاوہ ازیں گردوغبار کوروکنے کیلئے پانی کے چھڑکائو کا بندوبست کریں۔

انہوں نے فصلوں کی باقیات‘کوڑا کرکٹ،ٹائروں،پلاسٹک وغیرہ کو آگ لگانے کی حوصلہ شکنی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں دفعہ 144کے تحت نافذ پابندی پر موثر انداز میں عمل ہونا چاہیے۔انہوں نے صفائی ستھرائی کا خیال رکھنے،ماحولیاتی تحفظ اور شجرکاری کو پروان چڑھانے کی تاکید کی اور کہا کہ متعلقہ محکمے مربوط انداز میں اپنی کوششوں کو آگے بڑھائیں۔

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ سموگ کی وجوہات‘ اس کے نقصانات سے بچائو کے احساس اور انسدادی واحتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے کے طریقہ کار کے بارے میں عوامی آگاہی کے لئے واکس،سیمینارز،لیکچرز،معلوماتی پمفلٹس کی تقسیم ودیگر پروگرامز منعقد کریں۔انہوں نے محکمہ صحت کے افسران سے کہا کہ وہ سموگ سے بچائو کے لئے عوامی رابطہ مہم شروع کریں اور سموگ کی صورت میں شہریوں میں فیس ماسک تقسیم کریںتاکہ وہ ناک اورسانس کی بیماریوں سے بچ سکیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں