… فیصل آباد چیمبر کے مطالبے پر وزیر اعظم کا یارن کی درآمد پر 5فیصد کسٹم ڈیوٹی بھی واپس لینے کی یقین دہانی

ں* باضابطہ نوٹیفکیشن اکنامک کو آرڈی نیشن کمیٹی کی منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا

اتوار 17 جنوری 2021 22:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2021ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے مطالبے پر وزیر اعظم عمران خان نے یارن کی درآمد پر 5فیصد کسٹم ڈیوٹی بھی واپس لینے کا یقین دلایا ہے جبکہ اس سلسلہ میں باضابطہ نوٹیفکیشن اکنامک کو آرڈی نیشن کمیٹی کی منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا۔پنجاب بھر کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور نے وزیر اعظم سے ملاقات کی جس میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر حافظ احتشام جاوید نے صنعتوں کیلئے انسپکٹر لیس رجیم کے بارے میں اجلاس کے دوران ٹیکسٹائل کے شعبہ کی نمائندگی کرتے ہوئے بتایا کہ اندرون ملک اس سال کپاس کی پیداوار میں زبردست کمی کی وجہ سے ٹیکسٹائل کے شعبہ کو یارن کی شدید قلت کا سامنا ہے جبکہ اس کی وجہ سے یارن کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کرونا کے باوجود حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ٹیکسٹائل سیکٹر کی بہترین کارکردگی بارے وزیر اعظم کو آگاہ کیا اور بتایا کہ جولائی۔ دسمبر کے چھ ماہ کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات میں 7.79فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ۔ جس کو جاری رکھنے کیلئے یارن کی وافر اور موجودہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یارن پر درآمدی ڈیوٹی واپس لینے سے برآمد کنندگان فوری نقصان سے بچ گئے ہیں تاہم برآمدات میں اضافے کے موجودہ رجحان کو برقرار رکھنے کیلئے کسٹم ڈیوٹی کو بھی واپس لینا ناگزیر ہے تاکہ صنعتوں کو ان کی مکمل استعداد کار کے مطابق چلا کے نہ صرف روزگار کے مزید مواقع پیدا کئے جا سکیں بلکہ برآمدات میں بھی اضافہ کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔

وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر کو ٹیکسٹائل کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ اس ملاقات میں انجینئر حافظ احتشام جاوید نے فیصل آباد کے صنعتی شعبہ پر خصوصی توجہ دینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ برآمد کنندگان یارن پر کسٹم ڈیوٹی کے خاتمے کے بعد برآمدات کو مزید بڑھا سکیں گے۔

انجینئر حافظ احتشام جاوید نے بتایاکہ پہلے بھی فیصل آباد چیمبر کے مطالبہ پر حکومت نے یارن پر 5فیصد امپورٹ ڈیوٹی ختم کی تھی جبکہ اًب کسٹم ڈیوٹی کی واپسی کا کریڈٹ بھی فیصل آباد چیمبر کو جاتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی بھر پور نمائندگی کرتے ہوئے اس کو درپیش مسائل اور نئے پیدا ہونے والے چیلنجز کے خاتمے کیلئے اپنا کلیدی کردا ر ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو کاٹن یارن کے ساتھ پولیسٹر یارن پر عائد کسٹم ڈیوٹی کو بھی فی الفور ختم کرناہوگا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں