رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ مکمل ہونے پر اتوار کولاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف بیٹھیں گے

جمعہ 29 مارچ 2024 13:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ مکمل ہونے پر( 20رمضان المبارک بروز اتوار) کو نماز مغرب سے قبل لاکھوں فرزندان اسلام ملک بھر کی اہم جامع مساجد میں اعتکاف بیٹھیں گے جبکہ 20رمضان المبارک کی شام اعتکاف بیٹھنے والے فرزندان توحید چاند رات تک مساجد میں قیام اور خشوع و خضو ع کے ساتھ اپنی مذہبی عبادات سرا نجام دیں گے۔

مساجد میں اعتکاف بیٹھنے والوں کےلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ وہ یکسوئی سے اپنی عبادات کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔ فرزندان توحید کی طرح ہزاروں دختران اسلام بھی اپنے گھروں میں اعتکاف بیٹھیں گی جبکہ خواتین کے بعض اداروں کی جانب سے بھی دینی مدارس میں خواتین کے اجتماعی اعتکاف کابھی اہتمام کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

ممتاز عالم دین اور خطیب جامعہ قاسمیہ مولانا زاہد قاسمی نے بتایا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف بیٹھنا رسول کریم ؐؐکی سنت مؤکدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ ؐنے صرف ایک سال جب آپ ؐجہاد میں مصرف تھے کے سوا ہمیشہ رمضان کا آخری عشرہ اعتکاف میں گزارا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد یا گھر میں 10روز کےلئے اعتکاف بیٹھنا مسنون ہے لیکن ایسا ممکن نہ ہوتو کچھ دیرکےلئے بھی اعتکاف بیٹھا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اعتکاف مرد کا ہو یا عورت کا اس میں روزہ شرط ہے جبکہ اگر اعتکاف اجتماعی ہو تو اس کے ثمرات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ مردوں کی طرح خواتین دختران اسلام بھی اعتکاف کے ایام ذکر وفکر، نفل وعبادت، مطالعہ و تلاوت، تعلیم و تعلم، خیر وبھلائی کیلئے اذکار میں گزاریں گی۔اس موقع پر اعتکاف بیٹھنے والوں کےلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں