ایف آئی اے فیصل آباد کی بجلی چوری کیخلاف کاروائیاں، 6 ملزمان کے خلاف مقدمات درج

منگل 23 اپریل 2024 22:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) ایف آئی اے فیصل آباد نے بجلی چوری کے خلاف کاروائیوں کے دوران 6 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر فیصل آباد میں بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے 7 کاروائیاں کیں جس کے نتیجے میں 6 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔

مقدمات نامزد ملزمان احمد علی، گلزار احمد ، محمد محمود ، محمد ایوب، فضل عباس اور اظہر علی کیخلاف درج کئےگئے۔چھاپہ مار کارروائیاں کلور شریف ، چک نمبر 235 آر بی فیصل آباد ، چک نمبر 279 آر بی ، الفیض کالونی فیصل آباد ، الٰہی آباد فیصل آباد ، چوکیرہ چاہدراں تحصیل جھمرہ اور چک 13 سروالہ چنیوٹ میں کی گئیں ۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش کے مطابق مذکورہ مقامات پر گھروں ،سکول، دفاتر اور بلاک فیکٹری کو براہِ راست کنڈا ڈال کر اور میٹر میں چھیڑ چھاڑ کر کے چوری شدہ بجلی فراہم کی جا رہی تھی ۔

ابتدائی تخمینہ کے مطابق بجلی چوروں نے مجموعی طور پر قومی خزانے کو 8 لاکھ 41 ہزار روپے سے زائد کا نقصان پہنچا یا۔چھاپہ مار کاروائیوں میں فیسکو حکام بھی ایف آئی اے کی ریڈنگ ٹیم کے ہمراہ موجود رہے۔فیسکو حکام نے موقع پر کنکشن منقطع کر کے بجلی چوری میں استعمال ہونے والی کیبلز اور دیگر سامان قبضہ میں لے لیا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں