فیصل آباد سمیت ڈویژن بھر میں بدھ کو موسم سرما کی پہلی بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

بدھ 5 جنوری 2022 13:26

فیصل آباد سمیت ڈویژن بھر میں بدھ کو موسم سرما کی پہلی بارش، سردی کی شدت میں اضافہ
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2022ء) فیصل آباد سمیت ڈویژن بھر میں بدھ کو موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ ماہرین نے مذکورہ بارش کو گندم سمیت دیگر فصلات، انسانوں اور جانوروں کیلئے انتہائی مفید قرار دیاہے۔ بدھ کی علی الصبح پانچ بجے کے قریب فیصل آباد سمیت ڈویژن کے دیگر اضلاع جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں شروع ہونیوالی موسم سرما کی پہلی بارش اور بوندا باندی نے جہاں موسم کو خوشگوار بنادیا وہیں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا۔

علی الصبح شروع ہونیوالی رم جھم وقفے وقفے سے دوپہر تک جاری رہی جس نے سورج کو بھی آنکھ نہ کھولنے دی۔ بارش کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں بجلی و گیس کی سپلائی میں بھی تعطل آتا رہا جس سے عوام کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اسی طرح کاروباری مراکز سمیت دفاتر میں بھی معمولات زندگی متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

طویل خشک سالی کے بعد ہونیوالی بارش سے مٹی اور گردوغبار سے اٹے ہوئے پودے و درخت لہلہا اٹھے۔

ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید نے مذکورہ بارش کو گندم اور دیگر فصلات کیلئے انتہائی مفید قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ گندم کی فصل کو کھاد ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے لہٰذا اس وقت گندم کو سیراب کرنے کی اشد ضرورت تھی اور جہاں نہری پانی دستیاب یا ٹیوب ویل موجود نہیں وہاں گندم کی فصل بری طرح متاثر ہورہی تھی لیکن اللہ کے فضل و کرم سے باران رحمت برسنے سے گندم کی فصل کو زبردست فائدہ ہوگا اور گندم کی بمپر کراپ حاصل ہوگی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد ڈاکٹر بلال احمد نے اے پی پی سے بات چیت کے دوران باران رحمت کو انسانی صحت کیلئے انتہائی مفید قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ باران رحمت سے نزلہ، زکام، بخار، کھانسی اور دیگر موسمی امراض ووائرل انفیکشنز کا خاتمہ ہوگا اور سموگ میں بھی کمی آئے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گرم کپڑے پہنیں اور خصوصاً چہرے و گردن اور سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری کھٹی، ترش اور چکنائی والی چیزوں اور کولڈ ڈرنکس کے استعمال سے گریز اورڈرائی فروٹ، دودھ و انڈوں کا استعمال زیادہ کریں۔ مزید برآں ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈاکٹر اشفاق احمد انجم نے بدھ کو ہونیوالی بارش کو جانوروں کیلئے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سے جانوروں با لخصوص گوشت و دودھ فراہم کرنیوالے مویشیوں کو موسمی امراض سے نجات ملے گی اور منہ کھر کی بیماری کا بھی خاتمہ ہوسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات بارش کے دوران مویشیوں کو کھلی جگہ پر باندھنے سے گریز کریں اور باڑوں میں شیڈز کے نیچے زمین بھی خشک رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری فارمرز بھی شیڈز کے اطراف زیادہ موٹے کپڑے کے پردے استعمال نہ کریں وگرنہ نمی و حبس بڑھنے سے کنٹرول شیڈ کے اندر پرندوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں