گلگت بلتستان کابینہ نے گوپس کے مقام پر فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال کی تعمیر کے لیے 30 کنال زمین کی فراہمی کی منظوری دے دی، صوبائی وزراء اور ترجمان برائے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کی مشترکہ پریس کانفرنس

بدھ 24 اپریل 2024 23:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ گلبرخان کی زیر صدارت گلگت بلتستان کابینہ کے ساتویں اجلاس کے بعد سینیئر صوبائی وزیر خوراک غلام محمد،صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن،زکواة و عشر،کوآپریٹو اینڈ ٹرانسپورٹ حاجی رحمت خالق،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ اور ترجمان برائے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ چنار باغ گلگت میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ نے ضلع غذر میں گوپس کے مقام پر فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال کی تعمیر کے لیے 30 کنال زمین کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے اس ضمن میں گلگت شندور ایکسپریس وے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور عوامی مطالبے پر 2021ء کے سیکشن فور کو ختم کر کے 2023ء کے ریوائزڈ ریٹس کے مطابق لوگوں کو زمینوں کا معاوضہ ادا کرنے کے لیے نئے سیکشن فور کے نفاذ کی منظوری دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے گلگت بلتستان یوتھ پالیسی 2024ء کی منظوری دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس پالیسی کی منظوری سے گلگت بلتستان میں امور نوجوانان کے شعبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو آسانیاں پیدا ہوں گی۔کابینہ نے ضلع غذر میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے سب انسپکٹر کے بیٹے کو قوانین میں نرمی کرتے ہوئے فیملی اسسٹنس پیکج کے تحت سب انسپکٹر بھرتی کرنے، امراض قلب اسپتال گلگت میں کام کرنے والے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی اور ان کی ملازمت کو جاری رکھنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

صوبائی وزراء کا مذید کہنا تھا کہ کابینہ نے پھنڈر ہائی سکول کو کرگل کی جنگ میں بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمغہ شجاعت حاصل کرنے والے صوبیدار ریٹائرڈ علیم زاد کے نام سے منسوب کرنے اور گلگت بلتستان میں پٹواریوں کی بھرتیوں کے حوالے سے سپریم اپلیٹ کورٹ میں دائر پٹیشن کو واپس لینے کی بھی منظوری دی تاکہ علاقے میں پٹواریوں کی کمی کو دور کرنے کے لیے تقرریوں کے سلسلے کو آگے بڑھایا جا سکے،کابینہ نے ضلع ہنزہ میں پرائیویٹ کمپنی کی جانب سے دو اعشاریہ آٹھ میگا واٹ بجلی کا منصوبہ لگانے کے لیے معاہدے میں بالائی ہنزہ کو بھی شامل کرنے کے مطالبے کی بھی منظوری دی۔

کابینہ کی جانب سے عدالت عالیہ کے فیصلے کی روشنی میں سرکاری ملازم کو اگلے گریڈ کی مراعات کے ساتھ ملازمت سے سبکدوش کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے گلگت بلتستان میں بجلی کے نرخ کے تعین کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی قائم کرنے، جگلوٹ گورو میں سیلاب سے متاثرہ نشیبی علاقے میں دریا کے ساتھ حفاظتی بند تعمیر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس نے دیامر پبلک سکول کے لیے گرانٹ دینے،جنگلات کے تحفظ کے لیے ایف سی کی خدمات کو رواں سال ستمبر تک توسیع دینے کی منظوری دیتے ہوئے واضح کیا گیا کہ محکمہ جنگلات میں تربیت یافتہ گارڈز ستمبر کے بعد جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں