این ایل سی نے کاروباری برادری کی سہولت کے لیے گوادر میں دفتر قائم کردیا

جمعرات 7 اکتوبر 2021 15:29

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2021ء) نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) نےکاروباری برادری کو  سامان کی ترسیل کے لئے معیاری خدمات فراہم کرنے اور کاروبار میں آسانی کو یقینی بنانے کے لیے  گوادر پورٹ پر دفتر کھول دیا ہے۔ گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے) کے چیئرمین نصیر احمد کاشانی نے بزنس کمپلیکس گوادر  پر منعقدہ ایک تقریب میں این ایل سی کارپوریٹ آفس کا افتتاح کیا۔

تقریب میں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور مقامی کاروباری افراد  کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ این ایل سی نقل و حمل سے وابستہ ملک کا پہلا ادارہ ہےجس نے گوادر کے مقام  پر یہ سہولت قائم کی ہے۔ اس اقدام کی بدولت بندرگاہ سے بذریعہ سڑک سامان کی ترسیل میں تاجروں کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

یہ دفتر  برآمد ودرآمد کنندگان کو نقل و حمل کے حوالے سے  سہولت مرکز کے طور پر کام کرے گا۔

   بندرگاہ پر جہازوں کی آمد میں متوقع اضافےکی وجہ سے کارگو کی بروقت ترسیل کے لیے لاجسٹک سروسز کے ایک متحرک نظام کی ضرورت  محسوس کی جا رہی تھی۔ این ایل سی کی جانب سے  سہولت مرکز کا قیام ترسیل کے  موثر  نظام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ اپنے وسائل بروئے کار لانے کے علاوہ  این ایل سی درآمد و برآمدکنندگان نقل و حمل کے دوسرے اداروں کے درمیان رابطے کا ذریعہ بھی بنے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نے اس پیش رفت  کو گوادر پورٹ کوفعال کرانے کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ این ایل سی کے پاس کاروباری برادری کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے مطلوبہ صلاحیت اور وسائل موجود ہیں۔ بندرگاہ پر بڑھتی ہوئی سرگرمیوں سے کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہونگے جس سے صوبے کی عوام کی میعار زندگی بہتر بنانے  میں مدد ملے گی۔

گوادر میں شائع ہونے والی مزید خبریں