گوادر میں جاں بحق 5 افراد اور زخمی شخص کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے

جاں بحق افراد میں 2 سگے بھائی بھی شامل، زخمی نوجوان کی 17مئی کو شادی ہے، واقعے کی اطلاع ملنے پر گھر میں کہرام مچ گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 مئی 2024 15:25

گوادر میں جاں بحق 5 افراد اور زخمی شخص کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے
گوادر ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی 2024ء ) صوبہ بلوچستان کے علاقہ گوادر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 5 افراد اور زخمی شخص کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گوادر میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق 5 افراد اور اس افسوسناک واقعے میں زخمی شخص کا تعلق ضلع خانیوال کی تحصیل میاں چنوں کے ایک ہی خاندان سے ہے، واقعے میں جاں بحق افراد میں 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں جب کہ واقعے میں زخمی ہونے والے ایک نوجوان کی 17مئی کو شادی ہے، افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ گوادرمیں نامعلوم مسلح افراد نے سربندر کے علاقہ میں رہائشی کوارٹر پر حملہ کرکے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 7 مزدروں کو قتل کردیا، ترجمان بلوچستان حکومت نے بتایا کہ دہشت گردوں نے سربندر میں مزدوروں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے، حملے میں ایک مزدور زخمی ہے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامی افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور جاں بحق مزدوروں کے اہلخانہ سے رابطہ شروع کردیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا کہ دہشت گردوں کی جانب سے فش ہاربر جیٹی کے قریب رہائشی کوارٹر پر حملہ اس وقت کیا گیا جب کوارٹر میں مزدور سو رہے تھے، جاں بحق و زخمی افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے ہے، دہشت گردوں کے اس حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد سربندر میں ایک حجام کی دکان میں کام کرتے تھے، جن کی لاشوں اور زخمی مزدور کو گوادر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گوادر میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے 7 افراد کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے مقتولین کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سوگوارخاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے درندے انسان کہلانے کے حقدار نہیں، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

اسی طرح وزیر اعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی اس واقعے پر اپنے افسوس کا اظہار کیا، ان کا کہنا ہے کہ گوادر میں بے گناہ مزدوروں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا پیچھا کریں گے، ریاستی رٹ ہرصورت برقراررکھی جائے گی، پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے اور شہداء کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو نے گوادر کے علاقے سربندر میں بے گناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ معصوم مزدوروں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے نہتے معصوم مزدوروں کا قتل بزدلانہ اقدام ہے، دہشت گردوں سے سختی سے نمٹیں گے، واقعہ کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں، ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

گوادر میں شائع ہونے والی مزید خبریں