پی سی وی اینڈ ٹی آئی کی نئی فیکلٹی چین سے تربیت حاصل کرے گی

پیر 5 فروری 2024 13:43

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2024ء) پاکستان چائنا ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ (پی سی وی اینڈ ٹی آئی) نے اپنے فیکلٹی ممبران(لیکچررز اور انسٹرکٹرز) کو رواں سال مارچ میں 6 ماہ کے تربیتی پروگرام کے لیے چین بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔گوادر پرو کے مطابق شانڈونگ انسٹی ٹیوٹ آف کامرس اینڈ ٹیکنالوجی، جو انسٹی ٹیوٹ کے چار اسٹیک ہولڈرز میں سے ایک ہے، مہمان فیکلٹی کی میزبانی کرے گا۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ انسٹی ٹیوٹ نے میری ٹائم بزنس اینڈ پورٹ مینجمنٹ، سافٹ ویئر/ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای کامرس، ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ، الیکٹریکل انجینئرنگ، مکینیکل انجینئرنگ، انگریزی، میتھمیٹکس، شماریات اور چینی زبان کے شعبوں میں 16 اساتذہ کی خدمات حاصل کی تھیں۔ گوادر پرو کے مطابق گزشتہ ماہ منعقدہ پی سی وی اینڈ ٹی آئی کے پہلے ایگزیکٹو باڈی اجلاس میں انسٹی ٹیوٹ کے آپریشنل روڈ میپ کی منظوری دی گئی تھی۔

مزید برآں وفاقی حکومت نے ادارے کے آپریشن کو آسان بنانے کے لیے مالی سال 2023 -24 کے لیے 24 کروڑ روپے کا بجٹ بھی جاری کیا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ اپنی بہترین صلاحیت حاصل کرنے کے بعد مقامی کمیونٹی سے تکنیکی اور پیشہ ورانہ ماہرین کی پیداوار کے علاوہ ملازمتوں کے مواقع پیدا کرے گا۔

گوادر میں شائع ہونے والی مزید خبریں