ہری پور میں مواصلات کے بعد تعلیمی انقلاب برپا کریں گے، تعلیم کے شعبہ میں ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں

صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب خان کا سرسید ماڈل سکول اینڈ کالج ہری پور کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب

پیر 17 فروری 2020 14:47

ہری پور میں مواصلات کے بعد تعلیمی انقلاب برپا کریں گے، تعلیم کے شعبہ میں ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ ضلع ہری پور میں مواصلات کے بعد تعلیمی انقلاب برپا کریں گے، ضلع میں تعلیم کے شعبہ میں ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں، منگ یونیورسٹی، ماڈل سکول اور گورنمنٹ گرلز پائلٹ سکول کے منصوبوں پر کام جاری ہے، ہری پور میں آئی ٹی پارک کے ساتھ میڈیکل کالج کا قیام جلد عمل میں لائیں گے، ہری پور ہزارہ کے دیگر اضلاع میں ایبٹ آباد بورڈ کا سب آفس قائم کریں گے جن میں بچوں کو تمام سہولیات میسر ہوں گی۔

وہ سوموار کو سرسید ماڈل سکول اینڈ کالج کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی صدر محمد سلیم خان، ایم ڈی ناصر تاج، پرنسپل قاضی عتیق الرحمن، ڈی ای او عمر خان کنڈی، ڈی ای او ایبٹ آباد قاضی تجمل حسین، سابق صدر ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید صفدر زمان شاہ، ماہرین تعلیم ڈاکٹر مہیمن ، تیمور نیازی، سکندر منصور شاہ، شفقت اقبال، راشد سلیم اور دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

اکبر ایوب خان نے کہا کہ سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی بہترین کارکردگی سے ضلع ہری پور صوبہ میں تعلیمی اعتبار سے نمبر ون ہے، ضلع ہری پور کے تمام سکولوں کی ضروریات کو پورا کریں گے، کوالٹی ٹیچر کے بغیر کوالٹی تعلیم ناممکن ہے، سکولوں سے باہر 35 ہزار طلبہ کو تعلیم فراہم کرناچیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دلچسپی سے منگ کے مقام پر یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کا وزیراعظم عمران خان جلد افتتاح کریں گے، پورے ملک کے اندر اس طرز کا کوئی تعلیمی ادارہ نہیں ہے جبکہ ہری پور میں میڈیکل کالج کا قیام جلد عمل میں لائیں گے اور اسی سال سے کلاسز کا آغاز کریں گے، میرپور کے مقام پر ماڈل سکول کا جلد افتتاح کریں گے۔

اکبر ایوب خان نے کہا کہ ضلع ہری پور کے عوام نے 2018ء کے الیکشن میں ریکارڈ سے کامیاب کر کے جو عزت دی ہے ان کی دن رات خدمت کریں گے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں