ٹریک اینڈ ٹریس پالیسی کے افتتاح کے بعد کیو آر کوڈ لگانے سے شوگر ملز مالکان ٹیکس دینے کے پابند ہوں گے، عبدالرحمن رند

بدھ 8 دسمبر 2021 22:15

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2021ء) فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کے ڈائریکٹر انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ڈاکٹر عبدالرحمن رند نے کہا ہے کہ ٹریک اینڈ ٹریس پالیسی کا افتتاح گذشتہ ماہ 25 نومبر کو وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا جس کے بعد شوگر ملز مالکان چینی کی بوری پر کیو آر کوڈ لگا رہے ہیں اس سے بوری کا تمام ریکارڈ ایف بی آر اور ٹیکس حکومت پاکستان کو موصول ہونے سے شوگر ملز مالکان اپنی مصنوعات کا ٹیکس دینے کے پابند ہو جائیں گے، کسی ڈسٹری بیوٹر کے پاس بنا کوڈ کی بوریاں پائی گئیں تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔

وہ ڈپٹی ڈائریکٹر علی دوست اور سینئر آڈیٹر صفدر حسین میمن کے ساتھ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے اشتراک سے ایف بی آر کی نئی ٹریک اینڈ ٹریس پالیسی کے آگاہی سیشن سے خطاب کررہے تھے، ڈاکٹر عبدالرحمن رند نے کہا کہ حیدرآباد کی شوگر ملز میں ٹریک اینڈ ٹریس کوڈ شوگر کے تھیلوں پر چسپاں کر کے اِس کا آغاز کردیا گیا ہے، تاہم ضرورت اِس اًمر کی ہے کہ تمام ڈسٹری بیوٹرز اور صنعتکار جن کی صنعتوں میں چینی خام مال کے طور پر استعمال ہوتی ہے چینی کی خریدوفروخت کے وقت بوریوں پر کیو آر کوڈ کے اسٹیکرز کا سختی سے دھیان رکھیں تاکہ تاجروں کے کاروباری حقوق کو نقصان نہ پہنچ سکے، انہوں نے کہا کہ اگر کسی ڈسٹری بیوٹرز کے یہاں بنا کوڈ کی بوریاں پائی گئیں تو قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں صدر چیمبر محمد الطاف میمن نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر نے چینی کے بحران پر قابو پانے کے لئے جو پالیسی بنائی ہے اور ساتھ اِس پر عمل بھی کیا جارہا ہے جس سے چینی کے بحران سے نجات میں مدد ملے گی اور اِس احسن اقدام کو چیمبر قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، کنونیئر سب کمیٹی برائے ایف بی آر امور حاجی محمد یعقوب، سابق صدور سلیم الدین قریشی، دولت رام لوہانہ، محمد فاروق شیخانی، محمد اکرم انصاری و دیگر نے اپنے سوالات میں کہا کہ ایف بی آر کے ساتھ تعاون کر کے ہی ملک کو فائیدہ پہنچایا جاسکتا ہے اِس سلسلے میں ضروری ہے کہ ایف بی آر حیدرآباد کے تاجروں کے لیے کوئی شکایتی سیل قائم کرے جس میں غیر اسٹیمپ شدہ بوریوں کی شکایت کی جاسکے، بوریوں کو ملز یا راستے میں چیکنگ کرنے کا سسٹم بنایا جائے تاکہ چھوٹے دُکانداروں پر بوجھ نہ پڑے، سینئر نائب صدر محمد ادریس میمن نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، اِس موقع پر نائب صدر مسرور اقبال، ایم پی اے ندیم احمد صدیقی، ارکان مجلس عاملہ، کنونیئر سب کمیٹیز اور ایک بہت بڑی تعداد چینی کے کاروبار سے وابستہ تاجروں کی موجود تھی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں